’’ماحولیات کا تحفظ‘‘ سپریم کورٹ نے وفاق، صوبوں کو 755 نوٹس جاری کئے
لاہور (شہزادہ خالد) ماحولیاتی آلودگی نے دنیا بھر کیلئے خطرہ کا باعث بننے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو بھی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ سپریم کورٹ نے گذشتہ ماہ ماحولیاتی آلودگی سے متعلق وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو 755 نوٹس جاری کئے۔ 613 ماحولیاتی تحفظ آرڈرز جاری کئے جبکہ 72 مقدمات زیر سماعت ہیں۔ سپریم کورٹ نے وفاق سمیت صوبوں سے ماحولیاتی آلودگی سے بچنے کے حوالے سے پیشرفت رپورٹ طلب کی۔ پنجاب اور سندھ نے رپورٹس جمع نہیں کرائیں۔کے پی کے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ 7 اضلاع میں آلودگی سے محفوظ رہنے کا شعور اجاگر کرنے کیلئے ورکشاپس کرائی گئیں 33سکیموں کو قانون کے مطابق قرار دیا گیا 2801 گاڑیوں کو جرمانے ہوئے،2281 تھانوں میں بند کی گئیں 7135 گاڑیوں اور دیگر معاملات میں بہتری لائی گئی۔ درخت لگانے کیلئے 19کروڑ 20لاکھ رپے رکھے گئے۔ بلوچستان کی طرف سے جمع کرائی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ماحولیاتی ٹربیونل میں 106 مقدمات کے چالان جمع کروادیئے گئے ہیں ۔ یہ مقدمات ہسپتالوں ، لیبارٹریز ، کرشنگ پلانٹس ، سپیشل ری رولنگ ملز اور دیگر شامل ہیں، ٹربیونل نے 40مقدمات نمٹا دیئے ہیں۔ حکومت سندھ کی جانب سے رپورٹ جمع نہ ہوسکی جس پر عدالت نے ان سے پیشرفت رپورٹ طلب کی ہے حکومت پنجاب کی جانب سے بھی رپورٹ پیش نہ ہوسکی۔