• news

نواز شریف ملک کیساتھ اتفاق فائونڈری جیسا سلوک کرنے سے گریز کریں :بلاول

کراچی (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف ملک کے ساتھ اتفاق فاؤنڈری جیسا سلوک کرنے سے گریز کریں اور ملک کے مزدور طبقے کو نشانہ بنانا بند کریں، احتجاج کرنے والے پی آئی اے کے ملازمین کو ہراساں نہ کریں۔ ایک بیان میں بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمارا پیغام واضح ہے کہ پیپلزپارٹی نے شروع سے ہی مزدور طبقے کے ساتھ مل کر ان کے حقوق کی جنگ لڑی ہے اور کچھ بھی ہو جائے پیپلزپارٹی ہمیشہ ان کے ساتھ رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج کرنا پاکستان کے شہریوں کا بنیادی حق ہے۔ پی آئی اے ملازموں کے قاتلوں کو فی الفور گرفتار کیا جائے۔ چیئرمین پیپلزپارٹی نے مزید کہا کہ کھوکھلے منصوبوں پر اربوں روپے ضائع کئے جارہے ہیں جس کی وجہ سے قومی خزانے کو بڑا نقصان ہو رہا ہے۔ نواز لیگ پیپلزپارٹی حکومت میں ریگولر کئے گئے وفاقی حکومت کے 70ہزار ملازمین کو بے روزگار کرنے کی سازش کر رہی ہے، وزیراعظم ایسا کوئی بھی قدم نہ اٹھائیں۔

ای پیپر-دی نیشن