حافظ آباد منڈی شاہ جیونہ پپلامیں حادثات 3 جوڑوں سمیت 11 جاں بحق
حافظ آباد/ منڈی شاہ جیونہ/جھنگ / اٹھارہ ہزاری / پپلاں+لاہور (نمائندہ نوائے وقت+نامہ نگاران/خصوصی رپورٹر) حافظ آباد، منڈی شاہ جیونہ اور پپلاں میں ٹریفک حادثات، 3 خواتین، 3 بچوں سمیت 11 افراد جاں بحق ہوگئے۔ ونیکے قادر آباد روڑ پر مسافر کوچ ،گدھا گاڑی اور موٹر سائیکل میں تصادم کے نتیجہ میں میاں بیوی سمیت تین افراد جاں بحق جبکہ چار شدید زخمی ہو گئے۔ حادثہ میں دو بھینسیں اور ایک گدھا بھی ہلاک ہو گیا، گجرات سے فیصل آباد جانے والی مسافر کوچ ونیکے قادر آباد روڑ پر امرائو کلاں کے قریب تیز رفتاری کے باعث گدھا گاڑی اور موٹر سائیکل سے ٹکرا گئی۔ رنڈیالی (منڈی بہائو الدین) کا موٹر سائیکل سوار میاں بیوی فتح محمد، آمنہ بی بی اور گدھا گاڑی والا امتیاز موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے۔ جاں بحق ہونے والے جوڑے کی چند روز قبل ہی شادی ہوئی تھی۔ ریسکیو 1122 کی امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کے زخمیوں آصف، محمد جمیل، مرزا اکرم اور عبدالستار کو ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کر دیا جہاں تین کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔ دوسرے حادثہ میں موت تارڑ کا شمشیر احمد موٹر سائیکل پر اپنے گائوں کی جانب آرہا تھا رسولپور خانپور روڈ پر اسے ایک تیز رفتار گدھا گاڑی نے ٹکر دے ماری، وہ دماغ میں چوٹ آنے سے موقع پر جاں بحق ہو گیا۔ نماز جنازہ میں یونین کونسل کے چیئرمین محمد بخش تارڑ سمیت سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ علاوہ ازیں تیز رفتار ٹرک کی ٹکر سے موٹر سائیکل سوار میاں بیوی تین کمسن بچوں سمیت جاں بحق ہو گئے۔ گزشتہ روز شاہ جیونہ کے رہائشی جاوید اقبال اپنی بیوی بتول اور تین کمسن بچوں خضر، عمر اور ام فروا کے ہمراہ موٹر سائیکل پر اپنے رشتہ داروں کو مل کر واپس شاہ جیونہ آرہے تھے جیسے ہی بدقسمت خاندان جھنگ بھکر روڈ چوکی علی آباد کے قریب پہنچا تو سامنے سے آنے والے تیز رفتار ٹرک نے ان کو ٹکر ماردی جاوید اقبال اور اس کی بیوی موقع پر جاں بحق ہو گئے جبکہ ان کے تین زخمی کمسن بچوں کو ڈسٹرکٹ ہسپتال جھنگ لایا گیا جہاں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے تینوں بچے بھی جاں بحق ہو گئے۔ دوسری پپلاں میں حساس ادارے کا ملازم یعقوب اپنی اہلیہ کے ہمراہ ہرل سے پپلاں آرہا تھا ٹرالر نے ٹکر مار دی جس سے دونوں موقع پر دم توڑ گئے۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے جھنگ میں ٹریفک حادثات میں میاں بیوی اور تین بچوں کے جاں بحق ہونے کے واقعہ پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے لواحقین سے تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حادثے کے ذمہ دار ڈرائیور کی فوری گرفتاری کا حکم دیتے ہوئے انتظامیہ اور پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔