یورپ کے گرجا گھر مساجد میں تبدیل ہونے لگے، اسلام کی طرف رجحان بڑھ گیا
برسلز (این این آئی) مغربی دنیا میں جہاں ایک جانب اسلام مخالف مہم زوروں پر ہے، وہاں یورپ کے مسلمانوں نے ایک نئی مہم شروع کی ہے جس کے تحت طویل عرصے سے بند گرجا گھروں کو مساجد میں تبدیل کرنے کی ایک نئی مہم جاری ہے۔ عرب ٹی وی کے مطابق یورپی ملکوں میں ہزاروں گرجا گھر یا تومقامی آبادی کی لاپرواہی کا شکار ہیں یا ان میں عیسائی شہریوں نے عبادت کرنا چھوڑ دی ہے۔ ایسے تمام گرجا گھروں کو مساجد میں تبدیل کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں۔ رپورٹ کے مطابق امریکا میں سالانہ 20 گرجا گھر بند کئے جا رہے ہیں۔ ڈنمارک کی حکومت کی جانب سے جاریکردہ اعداد و شمار میں بتایا گیا ہے کہ 2015ء کے بعد ایک سال میں 200 چرچ بند ہوچکے ہیں جبکہ جرمنی میں حالیہ چند برسوں کے دوران 515 گرجا گھروں کو تالے لگائے گئے۔ ہالینڈ کے کیتھولک مسیحی فرقے کے رہنماؤں کا خیال ہے کہ اگلے 10 سال میں انکے 1600 گرجا گھروں میں سے دو تہائی بند ہوجائیں گے جبکہ پروٹسٹنٹ کا کہنا ہے کہ چار برسوں میں 700 گرجا گھر بند کئے گئے ہیں۔