گوجرانوالہ، ڈسکہ میں 2 خواتین، فیصل آباد نوجوان نے زندگی ختم کرلی
گوجرانوالہ/ فیصل آباد/ ڈسکہ (نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) گوجرانوالہ، ڈسکہ میں 2 خواتین، فیصل آباد میں نوجوان نے زندگی ختم کرلی۔ تفصیلات کے مطابق گوجرانوالہ میں گھریلو پریشانی سے دلبرداشتہ ہو کر چار بچوں کی ماں نے زہریلی گولیاں کھا کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ منڈیالہ وڑائچ کی (س) کئی روز سے گھریلو پریشانیوں کی چکی میں پس رہی تھی، زہریلی گو لیاں کھا لیں تاہم حالت غیر ہونے پر طبی امداد کی فراہمی کیلئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں پر وہ کچھ دیر موت وحیات کی کشمکش میں مبتلا رہنے کے بعد جان کی بازی ہار گئی۔ فیصل آباد میں بے روزگاری اور حالات سے تنگ آ کر نوجوان نے خودکشی کر لی۔ ٹھیکری والا کے رہائشی 45 سالہ فراز نے بے روزگاری اور گھریلو جھگڑے کے بعد بجلی کی مین تار کو پکڑ لیا۔ وہ بُری طرح جھلس گیا اور موقع پر ہی جاں بحق ہو گیا۔ ڈسکہ میں گھریلو حالات سے دلبرداشتہ خاتون نے زہریلی گولیاں نگل کر زندگی کا خاتمہ کر لیا۔ ڈسکہ کی یاسمین کا اکثر گھریلو حالات کی وجہ سے گھر والوں سے جھگڑا رہتا تھا، گذشتہ روز بھی اس کا گھر والوں سے جھگڑا ہوا تو اس نے دلبرداشتہ ہو کر گندم میں رکھنے والی گولیاں نگل لیں۔