• news

روس اور بشارالاسد4 لاکھ شامیوں کے قاتل ہیں کڑا احتساب ہونا چاہئے:ترک صدر

انقرہ(آئی این پی )ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا ہے کہ شام میں چار لاکھ افراد کے قتل عام میں ملوث شامی حکومت اور اس کے حامی روس کا کڑا احتساب ہونا چاہیے، روس شام میںاسدی مملکت کے قیام میں بشارالاسد کی معاونت کرتے ہوئے لاکھوں بے گناہ شہریوں کو ہلاک اورانہیں بے گھر کرنے کے جرم میں ملوث ہے۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق سینیگال کے صدر کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ترک صدر نے روسی حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے ماسکو کی جانب سے انقرہ کی شام میں مداخلت کے الزامات کو ’مضحکہ خیز’ قرار دیا اور ساتھ ہی انہوں نے روس کی شام میں مداخلت کو کھلی جارحیت قرار دیتے ہوئے اس کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ اردگان نے کہا روسی حکومت کی جانب سے انقرہ پر شام میں فوجی مداخلت کا الزام عاید کرنے پر ہنسی آتی ہے۔ روس، خود شام میں کھلی جارحیت کا مرتکب ہوا ہے اور ترکی پر شام میں فوجی مداخلت کا الزام عائد کرکے اس کا منفی پروپیگنڈہ کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ روس نے شام میں نہ صرف فوجی جارحیت کی ہے بلکہ لاکھوں بے گناہ شہریوں کا خون بہانے میں بھی ملوث ہے۔

ای پیپر-دی نیشن