• news

خط آئین کی بالادستی کیلئے لکھے، وزیراعظم مجھ پر الزامات کی تردید کریں: خورشید شاہ

سکھر (آئی این پی+ آن لائن) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف خورشید شاہ نے کہا ہے کہ دعا ہے اﷲ تعالیٰ وزیر داخلہ چودھری نثار کا قد اور بڑھائے، پی آئی اے سے متعلق بل جلد بازی میں منظور کرایا گیا، سی پیک منصوبے کے 200ارب روپے صرف اورنج لائن ٹرین پر خرچ کئے جا رہے ہیں۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قرض اتارو ملک سنوارو سکیم کے مقابلے میں پاکستان پر دوگنا قرضہ چڑھ چکا ہے۔ میں وزیرداخلہ کے معاملے پر زیادہ بات نہیں کرنا چاہتا لیکن وزیراعظم مجھ پر الزامات کی تردید کریں، جن 36 خطوط کی بات کی گئی وہ آئین کی بالادستی کے لئے لکھے گئے۔ وزراءجیسی زبان استعمال کررہے ہیں ویسی نہیں کر رہا، ہر انسان کا ظرف ہوتا ہے۔ کیچڑ کو کیچڑ سے صاف نہیں کیا جا سکتا۔ لیڈر قوم کا سربراہ ہوتا ہے خاص کر جب وہ وزیراعظم بن جائے۔ کمزور پر لاٹھی اور طاقت ور سے مذاکرات جمہوری روایات سے برعکس ہیں۔ پاکستان کی ترقی کسان کی فصل کی قیمت اور نوجوان کے روزگار سے وابستہ ہے۔ کول پروجیکٹ سے ساہیوال کے لوگوں کو زہر دیا جارہا ہے۔ حکومت نے ڈیزل پر 64.5فیصد ٹیکس لگا رکھا ہے بھارت میں پٹرول مہنگا سہی لیکن ڈیزل پاکستان سے دس روپے سستا ہے۔ وہاں کسان کو فائدہ دیا جاتا ہے یہاں کسان پر ٹیکسز لگائے جاتے ہیں۔ پاکستان کے اندرونی و بیرونی قرضوں کا حجم ساڑھے چار ہزار بلین تک پہنچ گیا ہے۔ اورنج ٹرین پر عوام کا پیسہ خرچ ہو رہا ہے اگر پاکستان کو ترقی دینی ہے تو سارے منصوبے ختم کرکے ڈیمز بنائے جائیں۔ خورشید شاہ نے کہا کہ اگر ان پر مراعات لینے کا الزام ثابت ہو جائے تو وہ سیاست چھوڑ دیں گے۔

ای پیپر-دی نیشن