کوئٹہ: شہداءسپردخاک، سرچ آپریشن، 2 دہشت گرد ہلاک، 35 مشتبہ افراد گرفتار
کوئٹہ (آن لائن+ آئی این پی) کوئٹہ خودکش حملے کے شہداءکو سپرد خاک کردیا گیا۔ سرچ آپریشن کے دوران 35 مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا گیا جبکہ کوئٹہ کے نیو سریاب تھانے کی حدود میں سکیورٹی فورسز اور دہشت گردوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دو دہشت گرد ہلاک ہو گئے۔ سکیورٹی فورسز دہشت گردوں کے خلاف سرچ آپریشن کر رہی تھی کہ دہشت گردوں نے فائرنگ کر دی جوابی کارروائی میں 2 دہشت گرد مارے گئے۔ ایک روز قبل ہونے والے خودکش حملے میں شہید ہونے والے ایف سی اہلکاروں اور عام شہریوں کی مختلف علاقوں میں تدفین کردی گئی اس موقع پر رقت آمیز مناظر دیکھنے میں آئے۔ نماز جنازہ میں سینکڑوں افراد نے شرکت کی۔ خودکش حملے کے بعد شہر کی فضا سوگوار رہی اور اکثر دکانیں و مارکیٹیں بند رہیں۔ شہریوں کی بڑی تعداد نے خودکش دھماکے کی جگہ کا دورہ کیا شہری انتہائی افسردہ نظر آئے۔کوئٹہ میں ایف سی کے قافلے پر ہونے والے خودکش حملے کا مقدمہ سول لائن پولیس تھانے میں درج کرلیا گیا ہے جبکہ خودکش حملے میں زخمی ہونے والے ایف سی اہلکاروں میں سے 3 کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ سرچ آپریشن کے دوران اسلحہ و گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا ہے۔ پشاور سے آن لائن کے مطابق پشاور پولیس کے مطابق زخمی سی ٹی ڈی اہلکار ناصر خان ہسپتال میں دم توڑ گیا۔ ناصر خان کو جمعہ کی صبح ڈیوٹی پر جاتے ہوئے پھندو کے قریب نامعلوم دہشت گردوں نے فائرنگ کا نشانہ بنایا تھا۔ دوسری جانب پشاور پولیس نے فقیر آباد کے علاقہ میں سرچ آپریشن کے دوران 50 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ جن میں 6 افغان باشندے بھی شامل ہیں۔ زیرحراست افراد کے قبضے سے 7پستول، 3رائفلز اور درجنوں کارتوس برآمد ہوئے۔
کوئٹہ/ پشاور/ آپریشن