مودی کے کچن میں گیس کے کتنے سلنڈر آتے ہیں، وائی فائی سپیڈ کیا ہے، بھارتی عوام نے رائٹ آف انفارمیشن کے تحت وزیراعظم پر سوالات کی بھرمار کر دی
نئی دہلی (نیٹ نیوز) وزیراعظم نریندر مودی کے کچن میں گیس کے کتنے سلنڈر آتے ہیں؟ ان کے وائی فائی کی سپیڈ کیا ہے؟ انہوں نے بیماری کی کتنی چھٹیاں لیں؟ رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت بھارتی عوام نے سوالات کی بھرمار کر دی۔ نئی دہلی میں وزیراعظم آفس کا عملہ جواب دیتے دیتے تھک گیا جبکہ 35 ہزار خطوط ابھی تک کھولے ہی نہیں گئے۔ سوالات میں لوگوں نے وزیراعظم سے پوچھا ہے کہ انکے کچن کا خرچہ کتنا ہے؟ سٹاف پکنک پر جاتا ہے یا نہیں۔ سٹاف کی تنخواہ کتنی ہے؟ مودی کے وائی فائی کی سپیڈ کیا ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم مودی کے آفس کو رائٹ ٹو انفارمیشن ایکٹ کے تحت ہزاروں درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں بھارتیوں نے اپنے وزیراعظم کی زندگی سے جڑی معمولی سے معمولی باتوں سے متعلق سوالات پوچھے ہیں اور دل کی باتیں بھی کی ہیں۔
مودی / سوالات کی بھرمار