باغبانپورہ: 2 گروپوں میں فائرنگ نے کرکٹ کھیلتے لڑکے کی جان لے لی
لاہور (نامہ نگار) باغبانپورہ کے علاقے میں پلاٹ کے تنازع پر 2 گروپوں میں ہونیوالی فائرنگ کی زد میں آکر قریب کرکٹ کھیلنے والا 15 سالہ طالب علم جاں بحق ہوگیا۔ بتایا جاتا ہے کہ باغبانپورہ کے علاقے فرزند ٹاﺅن میں پلاٹ کے تنازع پر نعیم اور حامد گیس والا کے حامیوں کے درمیان گزشتہ روز فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ اس دوران قریب کے گراﺅنڈ میں کرکٹ کھیلتے 15 سالہ لڑکے اظہر علی کو گولی جا لگی اور ورہ موقع پر ہی دم توڑ گیا جبکہ فائرنگ سے علاقے میں شدید خوف و ہراس پھیل گیا۔ پولیس نے نعیم گروپ کے 4 افراد کو گرفتار کرلیا جبکہ حامد گیس والا گروپ کا کوئی شخص گرفتار نہیں ہوسکا۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر نعش مردہ خانے جمع کرا کر مقدمہ درج کرلیا۔ اپنے نوجوان لخت جگر کی اچانک موت کی اطلاع ملتے ہی اظہر کی ماں صدمے سے بیہوش ہوگئی جبکہ گھر میں ماتم شروع اور محلے میں کہرام مچ گیا۔
باغبانپورہ/ جان لے لی