• news

ایوان بالا‘ زیریں کے اجلاسوں میں ’’ٹف ٹائم‘‘ دیکھنے کو ملے گا

اسلام آباد (محمد نواز رضا۔ وقائع نگار خصوصی) باخبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں اپوزیشن نے حکومت کو پی آئی اے کی نجکاری اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے تناسب سے عوام کو سستے دام پٹرول فراہم نہ کرنے کے خلاف ٹف ٹائم دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی سولو فلائٹ اور پیپلز پارٹی و ایم کیو ایم کے خلاف معاندانہ طرزعمل کی وجہ سے متحدہ اپوزیشن کی داغ بیل نہیں ڈالی جا سکی۔ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ‘ تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی طرف سے ان کو ’’مک مکا‘‘ کی سیاست کرنے کا طعنہ دینے پر نالاں ہیں تاہم سید خورشید شاہ اور شاہ محمود قریشی نے ملاقات میں روزمرہ کی بنیاد پر مشترکہ حکمت عملی تیار کرنے پر اتفاق کیا ہے۔ اسی طرح ایم کیو ایم بھی تحریک انصاف سے فاصلہ برقرار رکھتے ہوئے حکومت کو زچ کرنے کی حکمت عملی تیار کرنے پر دیگر جماعتوں سے تعاون کرے گی۔ معلوم ہوا ہے وفاقی حکومت پی آئی اے کے ملازمین کی ہڑتال کی دھول بیٹھنے کا انتظار کر رہی ہے اس لئے قومی اسمبلی میں ریکوزیشن کی تاریخ ختم ہونے سے ایک دو روز قبل سپیکر قومی اسمبلی کا اجلاس بلائیں گے۔ ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کے 6 فروری کے احتجاج کے فلاپ ہونے پر حکومتی حلقوں نے اطمینان کا اظہار کیا ہے تاہم عمران خان کے 5 نکاتی مطالبات کا جائزہ لیا جائے گا۔ عمران خان کی تحریک شروع کرنے کی کوشش کو غیر مؤثر بنانے کی حکمت عملی تیار کرے گی اور تحریک انصاف کو ٹھوس تجاویز دینے کیئے مذاکرات کی دعوت دے سکتی ہے۔ ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ’’ایجی ٹیشن‘‘ کی سیاست کو ناکام بنانے کیلئے تصادم کی پالیسی سے گریز کرے گی۔

ای پیپر-دی نیشن