پاکستان کو ایک بار پھر سیکولر بنانے کی سازشیں عروج پر ہیں، ہر محاذ پر مقابلہ کرینگے: عبدالغفور حیدری
لاہور (خصوصی نامہ نگار) ڈپٹی چیئرمین سینٹ اور جے یو آئی کے سیکرٹری جنرل مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا ہے کہ پاکستان کو سیکولر بنانے کی سازشیں ایک بار پھر عروج پر ہیں لیکن مولانا غلام غوث ہزاروی اور مولانا مفتی محمود کے ماننے والے ایسی ہر سازش کا پارلیمنٹ کے اندر اور باہر ہر محاذ پر مقابلہ کریںگے، اسلام کے نام پر بننے والے ملک کو لادین ریاست نہیں بننے دیا جائیگا، دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں۔ کالجوں اور یونیورسٹیوں میں تبلیغی جماعت کے داخلے پر پابند ی لگا نے کی جے یو آئی شدید مذمت کرتی ہے، حیرانگی اس بات پر ہے کہ بھارت میں تبلیغی جماعت پر کوئی پابندی نہیں لیکن ہمارے ملک میں تبلیغی جماعت پر کالجوں اور یونیورسٹی پر پابندی لگائی جا رہی ہے جو ناقابل قبول ہے۔ اوگی میں مجاہد ملت مولانا غلام غوث ہزاروی کی یاد میں ایک عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے کہا کہ پاکستان کی حفاظت ہم اپنا فرض سمجھتے ہیں، اس حوالے سے حکومت اور اداروں نے جو اقدامات کئے ہم انکے ساتھ کھڑے ہیں۔