• news

کراچی پولیس کو لاکھوں روپے رشوت دیکر رہا ہوا:گرفتار دہشت گرد شمریز کا انکشاف

کراچی(آن لائن)کراچی کے علاقہ سہراب گوٹھ سے گرفتار دہشتگرد نے سنسنی خیز انکشافات کئے ہیں، شمریز پنجابی بھتہ خوری اور ڈکیتی کی وارداتوں کے ذریعے کالعدم تحریک طالبان کے محسود گروپ کو فنڈنگ کرتا تھا۔ ملزم نے سینکڑوں وارداتیں کیں۔ ملزموں نے فیصل ٹرانسپورٹر سے اگست 2015ء میں اپنے بھانجے عاقب کی مدد سے دس لاکھ روپے بھتہ طلب کیا تھا۔تفتیشی ذرائع کے مطابق ملزم کے ساتھیوں میں 12 کارندے ہیں جن میں سے ارشاد محسود مقابلے میں ہلاک ہو چکا۔ ملزم وارداتیں کرنے کے بعد ایران کے راستے دبئی فرار ہو جاتے تھے۔ شمریز پنجابی نے انکشاف کیا کہ منگھو پیر پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہونے کے بعد لاکھوں روپے رشوت دینے کے بعد رہا ہوا اور پھر اپنے ساتھی یعقوب محسود کے ساتھ دبئی میں بھی گرفتار ہوا۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں زمان محسود، فیض محسود، عثمان محسود، فضل اور حسن محسود، حبیب خان، وقار پنجابی، تنویر، فہیم پٹھان، فاروق پنجابی اور عاقب خان کی تلاش جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن