• news

بجلی گیس کی بندش جاری لاہور میں مظاہرے لیسکو کے 51فیڈرز بند رہے

لاہور (نیوز رپورٹر+ نمائندگان) بجلی، گیس کی بندش جاری، لاہور میں مظاہرے کئے گئے، تفصیلات کے مطابق لاہور میں اتوار والے روز لیسکو نے 51 فیڈرز بند رکھے، جس کے باعث مختلف علاقوں میں 8 سے 9 گھنٹے تک بجلی بند رہی، دوسری طرف صوبائی دارالحکومت میں شیڈول کے تحت 6 گھنٹے تک لوڈشیڈنگ ہوتی رہی، گیس کی لوڈشیڈنگ بھی جاری رہی، تاہم سردی کی شدت میں کمی کے بعد گیس پریشر میں بہتری ہوئی ہے، مگر شہر میں گیس صارفین کو 24 گھنٹے فراہم نہیں ہو رہی اس پر صارفین سراپا احتجاج رہے، علاوہ ازیں لاہور سمیت پنجاب کے دیگر شہروں میں اتوار کی تعطیل کے باوجود بجلی اور گیس کی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ‘ لاہور کے علاقہ مزنگ میں3گھنٹے تک بجلی بند رہنے کے خلاف عوام کا شدید احتجاج ‘گیس کی لوڈشیڈنگ سے تنگ خواتین کا سمن آباد میں احتجاجی مظاہرہ اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی گئی۔ شہروں میں غیر اعلانیہ طور پر6 گھنٹے اور دیہی علاقوں میں10 گھنٹے لوڈشیڈنگ کی گئی جبکہ لاہور کے علاقہ مزنگ میں جامع مسجد نمرہ کے سامنے والے علاقے میں مسلسل 3گھنٹے سے زائد تک بجلی کی بدترین بندش رہی جسکے خلاف شہریوں کی جانب سے صفاں والا چوک میں حکومت اور واپڈا کے خلاف شدید احتجاج اور نعرے بازی کی گئی جبکہ ملتان‘ فیصل آباد اور دیگر شہروں میں بھی شدید احتجا ج اور نعر ے بازی کی گئی سمن آباد‘ اقبال تائون ‘ملتان سمیت دیگر علاقوں میں گیس کی لوڈشیڈ نگ ہو تی رہی اور گیس کے کم پر یشر کی بھی شکایات کی گئیں بادامی باغ میں مکینوں نے گیس بندش کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل تھی، خواتین نے ہاتھوں میں ایل پی جی سلنڈر اٹھا رکھے تھے۔ شیخوپورہ سے نامہ نگار خصوصی کے مطابق موسم میں تبدیلی کے باوجود شیخوپورہ کے مختلف علاقوں میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے با وثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے محکمہ سوئی گیس شیخوپورہ کے بعض کرپٹ ملازمین نے گھریلو صارفین کو تنگ کرنے کے لیے بعض صنعتی اداروں کو گیس کی فراہمی شروع کر دی ہے اور ہیوی جنریٹر گیس پر چلانے کی بھی کھلی چھٹی دے رکھی ہے یہ بھی انکشاف ہوا ہے گھریلو صارفین کیخلاف نام نہاد آپریشن کر کے ان کے میٹر اتار کر ان کو خود ساختہ لیبارٹری سے ٹمپر کروا کر بھاری جرمانے کیے جا رہے ہیں گیس تو آتی نہیں مگر ہیوی بل بھیجنے کے ساتھ ساتھ مک مکا نہ کرنے والوں کے زبردستی میٹر اتار لیے جاتے ہیں اور بھاری رشوت لیکر صارفین کو ری کنکشن کیا جا رہا ہے جبکہ پیسے نہ دینے والے صارفین کو دو دو ماہ تک ذلیل و خوار کرنے کا سلسلہ شروع ہے شہریوں نے وزیراعظم ،وفاقی وزیر شاہد خاقان اور ایم ڈی سوئی گیس سے مطالبہ کیا ہے شیخوپورہ میں رشوت خور اہلکاروں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے ۔ ننکانہ صاحب سے نامہ نگار کے مطابق ننکانہ صاحب شہر میں سوئی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کا سلسلہ بدستور جاری، شہریوں کو کھانا پکانا میں شدید مشکلات کا سامنا، اعلیٰ حکام سے سوئی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کا فی الفور نوٹس لینے کا مطالبہ۔ عثمانی کھوہ، محلہ بالیلا، محلہ امام بارگاہ، سٹیڈیم روڈ، محمد ذیشان ٹائون، شورہ کوٹھی روڈ، ہائوسنگ کالونی،مدینہ ٹائون ، محلہ کیارہ صاحب ، محلہ شیخاں، غلہ منڈی، محلہ مالجی، نہروگیٹ سمیت دیگر علاقے شامل ہیں میں سوئی گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ اور کم پریشر کا سلسلہ جاری ہے درجنوں افراد نے شدید احتجاج کیا ،سوئی گیس نہ آنے کی وجہ سے وہ مجبورا ہوٹلوں کے مہنگے کھانے منگوانے پر مجبور ہیں ۔ علاوہ ازیں جڑانوالہ اور وہاڑی میں بھی بجلی گیس کی بندش جاری ہے۔

ای پیپر-دی نیشن