• news

شاہی امام کی مودی سے ملاقات، داعش سے وابستگی کے الزام میں مسلمانوں کی گرفتاریوں پر تشویش

نئی دہلی( آئی این پی) بھارت میں شاہی امام مولانا سید احمد بخاری نے داعش سے وابستگی اور مبینہ طور پر دہشت گردانہ سرگرمیوں میں مسلم نوجوانوں کی گرفتاریوں پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی سے مطالبہ کیا ہے کہ ان گرفتاریوں میں پوری طرح شفافیت ہونی چاہئے۔ یہ بتاناچاہئے کہ انکی سرگرمیاں کس نوعیت کی ہیں تاکہ یہ اندازہ لگایاجاسکے کہ الزامات میں کتنا دم ہے۔ بھارتی میڈیا کے مطابق وزیراعظم نریندر مودی سے انکی رہائشگاہ پر شاہی امام کے خطیب مولانا سید احمد بخاری نے ملاقات کی جس میں انہوں نے داعش سے وابستگی اور مبینہ طور پر دہشت گردی کی سرگرمیوں میں مسلم نوجوانوں کی گرفتاریوں پر شدید تشویش ظاہرکی۔ شاہی امام نے کہاکہ ماضی میں دہشت گردی کے نام پر اندھادھند گرفتاریوں کی وجہ سے بے گناہ مسلم نوجوانوں اور انکے خاندان کی زندگیاں برباد ہوئیں اور ماضی کے تجربہ کی بنیاد پر اب گرفتاریوں کا جو سلسلہ شروع ہوا ہے، اس سے مسلمانوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ وزیراعظم سے آدھ گھنٹہ کی ملاقات میں انہوں نے کہاکہ دہشت گردی کے الزام میں متعددمسلم نوجوان پچھلے دس، پندرہ سال سے جیلوں میں بند ہیں انکا کوئی پُرسان حال نہیں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن