• news

عمران سے ملاقات: حامد ناصر چٹھہ کا پی ٹی آئی میں شامل ہونے کا امکان

لاہور (فرخ سعید خواجہ) پہلوانوں کے شہر گوجرانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 101 میں مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف میں 22 مارچ کو جوڑ پڑے گا، تحریک انصاف اپنے سابق امیدوار چودھری شاہنواز چیمہ کی بجائے مسلم لیگ (ج) کے سرپرست چودھری حامد ناصر چٹھہ کے صاحبزادے محمد احمد چٹھہ کو اپنا امیدوار قرار دیگی، الیکشن 2013ءسے پہلے (ق) لیگ سے جنم لینے والے ہم خیال گروپ کے چوٹی کے لیڈر حامد ناصر چٹھہ تحریک انصاف کی چوکھٹ سے واپس لوٹ آئے تھے اور مسلم لیگ ن کے سربراہ میاں نواز شریف سے ہم خیالوں کو ٹکٹوں کا کوٹہ ملنے کی آس پر جاتی عمرہ جا پہنچے مگر ہم خیالوں کے سربراہ ارباب غلام رحیم نے انکی پیٹھ میں خنجر گھونپتے ہوئے علیحدہ جماعت پیپلز مسلم لیگ بنا لی، ادھر مسلم لیگ (ن) نے ہم خیالوں کو جھنڈی کراد ی، اسلئے حامد ناصر چٹھہ نے الیکشن 2013ءمیں خود جانے کی بجائے اپنے صاحبزادے محمد احمد چٹھہ کو میدان میں اتارا، مسلم لیگ ن جسٹس (ر) افتخار چیمہ کو ہی سامنے آئی جو 2008ءمیں پہلی بار مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئے، تحریک انصاف نے پیپلزپارٹی کے سابق صوبائی وزیر چودھری شاہنواز چیمہ کو امیدوار بنایا، ق لیگ کے چودھری ساجد حسین چٹھہ اور جماعت اسلامی نے ڈاکٹر عباداللہ گوہر کو سامنے لائے، محمد احمد چٹھہ نے جسٹس (ر) افتخار چیمہ پر اثاثے چھپانے کا الزام لگایا جس پر سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق الیکشن کمشن نے جسٹس (ر) افتخار چیمہ کو ڈی نوٹیفائی کر کے 22 مارچ کو الیکشن کرانے کا شیڈول جاری کردیا، توقع ہے کہ مسلم لیگ ن ایک بار پھر جسٹس (ر) افتخار چیمہ ہی کو میدان میں اتارے گی اگر ان کی جگہ کوئی اور امیدوار لانے کا فیصلہ ہوا تو وہ مسلم لیگ (ن) گوجرانوالہ کے صدر مستنصر گوندل ہو سکتے ہیں جو الیکشن 2002ءمیں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر تھے۔ مسلم لیگی حلقوں کے مطابق مستنصر گوندل کو آئندہ اکاموڈیٹ کرنے کی تسلی دی گئی تھی تاہم الیکشن 2013ءمیں دوبارہ افتخار چیمہ کے نام قرعہ فال نکلا، الیکشن شیڈول سامنے آنے کے بعد مسلم لیگ ن نے اس حلقہ انتخاب میں ٹکٹ کے خواہش مندوں سے درخواستیں طلب کی ہیں، جو مسلم لیگ ن کے صوبائی دفتر مسلم ٹاﺅن میں 50 ہزار روپے کے بنک ڈیمانڈ ڈرافٹ /پے آرڈر کے ہمراہ 16 فروری تک جمع کروائی جا سکیں گی، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے جہانگیر ترین کے ساتھ خاندانی مسلم لیگی چودھری حامد ناصر چٹھہ اور ان کے صاحبزادے سے ملاقات کی اور ان سے این اے 101 میں مسلم لیگ ن کے امیدوار کو شکست دینے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا، ملاقات میں عمران خان نے دونوں باپ بیٹوں کو تحریک انصاف میں شمولیت کی دعوت دی، مسلم لیگ (ج) کے مرکزی صدر اقبال ڈار نے نوائے وقت کو بتایا کہ چودھری حامد ناصر چٹھہ نے اپنے صاحبزادے محمد احمد چٹھہ کو تحریک انصاف میں شمولیت اور ان کی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی ہے، اس سوال پر کہ کیا حامد ناصر چٹھہ بھی تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں، اقبال ڈار نے کہا کہ انہوں نے اپنے صاحبزادے کو شامل ہونے کی اجازت دی ہے تاہم انہوں نے دو ٹوک انداز میںان کے فیصلے کے بارے میں بات کرنے سے اجتناب کیا، حامد ناصر چٹھہ موبائل فون اور لاہور ، احمد آباد کے پی ٹی سی ایل نمبروں پر دستیاب نہیں ہو سکے، امکان ہے وہ بھی تحریک انصاف میں شامل ہو جائیں گے، تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی 11فروری کو احمد آباد میں دعوت کی جائے گی اس دن حامد ناصر چٹھہ کا فیصلہ سامنے آجائے گا کہ آیا وہ مسلم لیگی دستے میں یا تحریک انصاف میں باقاعدہ شامل ہو جائیں گے، این اے 101 گوجرانوالہ کے لئے کاغذات نامزدگی 17 اور18 فروری کو جمع کروائے جانے ہیں، 22 فروری کو سکروٹنی ہوگی، امیدوار 7مارچ تک کاغذات واپس لے سکیں گے، مسلم لیگ (ن) کی ٹکٹ کے مسلم لیگ ن کے سابق ایم پی اے سیف چٹھہ بھی خواہش مند ہیں جو اس حلقہ انتخاب سے مسلم لیگ ن کے موجودہ رکن پنجاب اسمبلی اکمل سیف چٹھہ کے والد ہیں، مسلم لیگ ن اپنی ٹکٹ جس بھی امیدوار کو دے گی اس کو بھی فیورٹ امیدوار سمجھا جائے گا، پچھلے ستائیس سال میں صرف ایک بار پیپلزپارٹی کی ٹکٹ پر کرنل (ر) سرور چیمہ مرحوم کامیاب ہوئے تھے، ادھر تحریک انصاف کے امیدوار کو ضمنی الیکشن میں ق لیگ اور جماعت اسلامی کی حمایت حاصل ہونے کی توقع ہے، پیپلزپارٹی بھی اپنا امیدوار میدان میں اتارے گی۔
این اے 101

ای پیپر-دی نیشن