ملک میں رواں سال پولیو کا پہلا کیس سامنے آ گیا، کراچی میں بچہ متاثر 9بار قطرے پلائے گئے: حکام، والدین
کراچی+ کوئٹہ (نوائے وقت رپورٹ+ اے این این) ملک میں رواں سال پولیو کا پہلا کیس کراچی میں سامنے آ گیا، حکام کے مطابق متاثرہ بچہ گڈاپ کا رہائشی ہے ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ظفر اعجاز کے مطابق ملک میں پولیو کا پہلا کیس کراچی میں سامنے آ گیا ہے، 34 ماہ کا اعجاز خان ولد شیر علی خان گڈاپ یوسی 7 کا رہائشی ہے، بچے اعجاز خان کے والدین کا کہنا ہے کہ بچے کو کم ازکم 9بار پولیو سے بچائو کے قطرے پلائے گئے تھے۔ بچے کے خون اور فضلے کے نمونے 17جنوری کو حاصل کئے گئے جس میں پولیو وائرس کی تصدیق قومی ادارے صحت نے کردی ہے، علاوہ ازیں بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں واقع ہادی پکٹ نالہ میں پولیو وائرس کی موجودگی کی تصدیق ہو گئی ہے، محکمہ صحت ذرائع کے مطابق قلعہ عبداللہ میں پولیو وائرس پھیلنے کا خدشہ اس وجہ سے پیدا ہوا کہ سیوریج نالہ کے پانی کے نمونے میں وائرس کی تصدیق ہو ئی ہے۔ ذرائع کے مطابق قلعہ عبداللہ میں اب سے چھ ماہ قبل بھی سیوریج کے نمونے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی تھی اور ضلع میں گذشتہ سال پولیو کے دو کیسزرپورٹ ہوئے تھے۔