میرا کے دعویٰ تکذیب نکاح کی سماعت 20 فروری تک ملتوی
لاہور( اپنے نامہ نگار سے+کلچرل رپورٹر) لاہور کی فیملی عدالت نے اداکارہ میرا کی جانب سے تکذیب نکاح کے دعوے کی سماعت بیس فروری تک ملتوی کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر مقدمے کے گواہوں کو طلب کر لیا۔فیملی جج شمیم اختر وٹو نے کیس کی سماعت کی۔ اداکارہ میرا نے تکذیب نکاح کے دعویٰ میں موقف اختیار کر رکھا ہے کہ عتیق الرحمن نامی شہری جعلی نکاح نامہ بنا کر اس کا شوہر ہونے کا جھوٹا دعویٰ کر رہا ہے۔ عتیق الرحمن کی جانب سے ابھی تک عدالت میں کوئی جواب داخل نہیں کرایا گیا۔دریں اثناء اداکارہ میرا کے بیرون ملک ہونے کے باوجود شادی کے خواہشمند امیدواروں کے انٹرویو کے بارے میں ان کی والدہ شفقت زہرہ بیاری نے کہا کہ میرا ایک ہفتے سے بیرون ملک ہیں۔ امیدواروں کے انٹرویو میں مجھے نہیں بتایا۔ ان کی بیرون ملک واپسی پر ہی خبر کی تصدیق ہو سکے گی۔