کراچی: ایف آئی اے اہلکار محمد علی خانزادہ کے قتل کا سراغ نہ مل سکا
کراچی (اے این این) کراچی میں ایف آئی اے اہلکار محمد علی خانزادہ کے قتل کا سراغ نہیں مل سکا تاہم پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق قتل کی واردات دہشت گردی نہیں بلکہ بھاری رقم لوٹنے کا نتیجہ ہے۔ پولیس حکام کے مطابق کانسٹیبل محمد علی خانزادہ ایف آئی اے میں ملازمت کے علاوہ ذاتی طور پر بھوسے کا کاروبار بھی کرتا تھا اور اسے اتوار کو مبینہ طور پر ایک پلاٹ کی فروخت اور کاروباری سلسلے میں لاکھوں روپے کی ادائیگی ہوئی تھی۔ پولیس کے مطابق گزشتہ رات لیاری ایکسپریس وے پر کھڑی جس کار سے محمد علی کی نعش ملی تھی وہ مقتول نے نجی بینک سے لیزنگ پر لے رکھی تھی۔ کار سے اس کا لائسنس یافتہ پستول بھی ملا ہے تاہم مبینہ طور پر رقم غائب تھی۔ جمشید کوارٹر پولیس کے مطابق مقتول ٹنڈو الہہ یار کے علاقے نصرپور سے تعلق رکھتا تھا۔ قتل کا مقدمہ تاحال درج نہیں کیا جاسکا ہے۔
قتل/ سراغ