مضاربہ سکینڈل : اسلام آباد ہائیکورٹ نے ملزم ادریس کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کردی
اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ نے مضاربہ سکینڈل کے ملزم ادریس کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کر دی۔ ملزم ادریس پر مضاربہ کے نام پر لوگوں سے پیسے وصول کرنے کا الزام تھا جس پر اس نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست دائر کی تھی۔ گزشتہ روز عدالت عالیہ کے جسٹس عامر فاروق اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بنچ نے سماعت کی تو ملزم کے وکیل امجد اقبال قریشی نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار مظلوم ہے ، وہ ملزم نہیں بلکہ سکینڈل کا گواہ ہے ، اس نے نیب کو درخواست دی تھی کہ شمس الرحمن نامی شخص سے پیسے واپس دلائے جائیں ملزم نے اپنے رشتہ داروں سے پیسے لے کر شمس الرحمن کو دیئے تھے ۔ دوسری جانب مظفر عباسی ایڈووکیٹ نے اپنے دلائل میں کہا کہ ملزم خطیب بن کر لوگوں سے پیسے وصول کرتا رہا جو ذاتی استعمال میں بھی لایا ، اس کے خلاف متعدد شکایات ہیں۔ فریقین کے دلائل مکمل ہونے کے بعد فاضل عدالت نے ملزم کی ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست خارج کر دی۔
درخواست خارج