متحدہ عرب امارات کا پاکستان بھارت مذاکرات بحالی کی کوششوں کا خیر مقدم، تعاون کی یقین دہانی
نئی دہلی( اے این این ) متحدہ عرب امارات نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مذاکراتی عمل کی بحالی کوششوں کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس عمل کو کامیاب بنانے میں اپنے مکمل تعاون کا یقین دلایا ہے ۔ نئی دہلی میں متحدہ عرب امارات کے سفیر احمد البنیٰ نے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد اور مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زیاد النیہان کے دورہ بھارت سے قبل ایک انٹرویو میں کہاکہ ان کا ملک بھارتی وزیراعظم مودی کے دورہ لاہور اور بنکاک میں دونوں ملکوں کے قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات سمیت جامع مذاکراتی عمل کی بحالی کیلئے اقدامات کی حمایت کرتا ہے ۔یقین ہے کہ بنکاک میں ہونے والی ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان مثبت پیشرفت ہوئی اور تعلقات کی نئی راہیں کھولنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم ان کوششوں کی کامیابی کیلئے ہرممکن کوشش کرینگے۔ واضح رہے کہ متحدہ عرب امارات کے ولی عہد تین روزہ دورے پر (کل) بدھ کو نئی دہلی پہنچیں گے۔