متاثرین کی بحالی، آپریشن ضرب عضب مشکل مرحلہ میں داخل ہو گیا، دہشت گردوں کو پناہ گاہوں سے نکال کر حکومتی رٹ بحال کر دی: آرمی چیف
اسلام آباد/ پشاور (سٹاف رپورٹر+ بیورو رپورٹ+ آن لائن) آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے کہا ہے آپریشن ضرب عضب سے دہشتگ ردی کا خاتمہ کرکے پاکستان کو مستحکم بنایا ہے دہشت گردوں کو ان کی پناہ گاہوں سے نکال کر حکومتی رٹ بحال کر دی ہے۔ قبائلی بھائیوں سے مل کر یقینی بنائیں گے بھگوڑے دہشت گرد اور سہولت کار ملک میں واپس نہ آ سکیں، خیبرپی کے اور فاٹا کی عوام نے دہشتگردوں کو پیچھے دھکیل کر انہیں معاشرے میں تنہا کردیا ہے۔ ان خیا لات کا اظہار انہوں نے کور ہیڈکوارٹر میں خیبرپی کے اور فاٹا کے لیے ہونے والے ایپکس کمیٹی کے خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی سربراہی میں کور ہیڈ کوارٹرز میں خصوصی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورت حال، آپریشن ضرب عضب میں ہونے والی پیشرفت اور فاٹا کے آئی ڈی پیزکی دوبارہ اپنے آبائی علاقوں میں بحالی، متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو سمیت دیگر اہم امور پر تفصیلی غور کیا گیا۔ اجلاس میں آپریشن ضرب عضب کے نتیجے میں ہونے والی پیشرفت کا جائزہ لیا گیا اور فاٹا اور خیبرپی کے کے متاثرہ علاقوں کی تعمیرنو کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ آئی ڈی پیز کی باعزت واپسی سے متعلق امور پر بھی غور کیا گیا۔ اجلاس میں گورنر خیبرپی کے سردار مہتاب خان، وزیراعلیٰ پرویزخٹک، کو رکمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمن سمیت دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سیاسی و عسکری قیادت نے فاٹا، خیبرپی کے کو دہشت گردی سے پاک کرنے کا عزم کیا۔ آرمی چیف نے گورنر اور وزیر اعلیٰ خیبرپی کے کی پاک فوج کی دلی حمایت کی تعریف بھی کی۔ جنرل راحیل شریف نے دہشت گردوں کیخلاف جاری جنگ میں جرات و بہادری کا مظاہرہ کرنے پر فاٹا اور خیبرپی کے کی عوام کے کردار کو سراہا اور قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ فاٹا اور خیبرپی کے کے عوام دہشت گردوں کے مظالم کے آگے ڈٹے رہے اور انہوں نے دہشتگردوں کو پیچھے دھکیل کر معاشرے میں تنہا کردیا ہے۔ عوام کی بھر پور حمایت کے ساتھ پاک فوج نے دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن ضرب عضب میں بے شمار کامیابیاں حاصل کی ہیں ملک میں دہشت گردوں کے نیٹ ورک ٹوٹ چکے ہیں اور دہشت گردوں کا انفراسٹرکچر تباہ کر دیا ہے، آپریشن ضرب عضب میں دہشت گردی کو ختم کرکے پاکستان کو مستحکم کر دیا ہے اور دہشت گردوںکو ان کی پناہ گاہوں سے نکال کر ریاست کی رٹ بحال کر دی ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ قبائلی بھائیوں کی مدد سے بھگوڑے دہشت گردوں اور انکے سہولت کاروں کو دوبارہ داخل نہیں ہونے دیں گے۔ آرمی چیف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے مشکل مرحلے میں داخل ہو چکے ہیں اور وہ مرحلہ متاثرین کی بروقت اور باعزت واپسی کے ساتھ ساتھ متاثرہ علاقوں کی ہنگامی بنیادوں پر تعمیرنو ہے۔ متاثرہ علاقوں کی تعمیرنو سماجی، اقتصادی ڈھانچے کی بحالی کا عزم رکھتے ہیں۔ ان سے معاشی بحالی اور انفراسٹرکچر کی تعمیر کے لیے کیا گیا وعدہ ہر صورت پورا کریں گے۔ آئی ڈی پیز کو اپنے گھروں میں بروقت اور باعزت آباد کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔ متعلقہ ادارے متاثرین کی فوری بحالی کے لیے اقدامات کریں۔ انہوں نے کہا کہ عارضی نقل مکانی کرنیوالوں کی واپسی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔ متاثرہ علاقوں کی تعمیرنو کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور جلد از جلد اقدامات کیے جائیں تاکہ متاثرین کی واپسی یقینی ہو سکے۔ در یں اثناء خصوصی ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آرمی چیف کو آپریشن ضرب عضب، متاثرین کی واپسی اور بحالی پر بریفنگ دی گئی۔ ذرائع کے مطابق اس موقع پر آئی ڈی پیز کی واپسی اور بحالی کے لئے وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کے اجراء میں تاخیر پر تحفظات کا اظہار کیا گیا۔ اجلاس میں فاٹا سیکرٹریٹ کی کارکردگی پر بھی شدید تحفظات ظاہر کئے گئے۔ آئی ڈی پیز کی تعمیر وبحالی میں بیورو کریسی کے روایتی تاخیری حربوں پر بھی تشویش ظاہر کی گئی۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق آرمی چیف نے کہا قبائلی علاقوں سے دہشت گردوں کے ٹھکانے ختم کر دیئے ہم عارضی طور پر بے گھر ہونے والوں کو انکے علاقوں میں دوباہ آباد کرنے کے مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں اور یہ اس تمام کارروائی کا سب سے مشکل مرحلہ ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل نے کہا دہشت گردوں اور انکے ٹھکانوں کے خاتمے کے بعد اب ہم متاثرہ علاقوں کی تعمیر نو ،بے گھر افراد کی دوبارہ واپسی اور نظام حکومت قائم کرنے کے آپریشن کے سب سے مشکل مرحلے میں داخل ہو گئے ہیں۔آرمی چیف نے فاٹا میں تعمیر نو اور بحالی سے متعلق قبائلی عوام سے کئے گئے وعدے پورے کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔