• news

حکومتی پالیسیوں سے پاکستان معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ، اصلاحات کے لئے دو ٹوک فیصلے کئے جائیںؔ صدر عالمی بنک، کاروباری ماحول بہتر بنا رہے ہیں: نواز شریف

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی + نیوز ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ) عالمی بنک کے صدر ڈاکٹر جم یونگ کم نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے ملاقات کی اس موقع پر وزیراعظم نے عالمی بنک کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت پرائیویٹ سیکٹر کی رہنمائی میں لبرل معیشت پر یقین رکھتی ہے۔ حکومت نجی سیکٹر کے لئے بہترین کاروباری ماحول کو یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے اور حکومت کا کام کاروبار نہیں ہوتا جب حکومت کاروبار کرے تو سبسٹڈیز کی صورت میں نقصانات ہوتے ہیں۔ وزیراعظم نے پاکستان کی معاشی ترقی کے لئے عالمی بنک کی مدد کو سراہا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کے دور میں عالمی بنک کی طرف سے پالیسی قرضوں کو بحال کرنے کی بھی تعریف کی۔عالمی بنک کے صدر نے کہا کہ بنک حکومت کے سخت معاشی فیصلوں کی حمایت کرتا ہے اور سٹرکچرل اصلاحات کے ایجنڈا کی بھی حمایت کی جائے گی۔ انہوں نے حکومت کی معاشی پالیسیوں کی تعریف کی۔ پاکستان کی صورتحال مستحکم ہے جس کے لئے ملک کی مالیاتی ٹیم کی کوششیں لائق تعریف ہیں۔ پاکستان دنیا کی دو بڑی صارف مارکیٹوں کے درمیان واقع ہے جس کے باعث پاکستان کے لئے نادر موقع موجود ہے۔ عالمی بنک کے صدر جم یونگ کم نے کہا کہ وزیراعظم کی قیادت میں سلامتی، توانائی اور معاشی شعبوں میں نمایاں بہتری آئی ہے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ حکومت صحت اور تعلیم کے شعبوں میں ترجیحی بنیادوں پر توجہ دے رہی ہے، رواں سال ٹیکس محصولات کی مد میں 18فیصد اضافہ ہوا۔ 2018ء تک قومی نظام میں 10 ہزار میگا واٹ بجلی شامل ہونے سے لوڈشیڈنگ کا خاتمہ ہوجائے گا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں عالمی بنک کے صدر سمیت اقتصادی امور کے وزراء نے شرکت کی۔ صحت اور تعلیم کے شعبوں پر ترجیحی بنیادوں پر توجہ دے رہے ہیں۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عالمی بنک کے صدر ڈاکٹر جم یونگ کم نے کہا کہ پاکستان میں سکیورٹی معاملات عالمی بنک کے لئے بھی انتہائی اہم ہیں۔ پاکستان کا دیوالیہ ہونے کے خطرے سے نکلنا بڑی کامیابی ہے۔ پاکستان کے اقتصادی اعشاریے بہتری کی جانب گامزن ہیں۔ کسی بھی ترقی پذیر ملک میں 90 فیصد روزگار نجی شعبہ دیتا ہے۔ پاکستان میں نجی شعبے کی ترقی حوصلہ افزا ہے۔ پاکستان کو غربت اور بے روزگاری جیسے مسائل کا سامنا ہے پاکستان اپنے معاشی ترقی کے اہم دور سے گزر رہا ہے۔ معاشی ترقی کے لئے پاکستان کو آنے والے وقت میں رفتار مزید تیز کرنا ہوگی۔ اصلاحاتی ڈھانچے کے لئے پاکستان کو دو ٹوک فیصلے کرنا ہونگے۔حکومتی پالیسیوں سے پاکستان معاشی خوشحالی کی راہ پر گامزن ہے ۔صدر عالمی بنک سے عمران خان اور وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک نے بھی ملاقات کی اور صوبے میں جاری ترقیاتی سکیموں اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔وزارت خزانہ اعلامیہ کے مطابق صدر عالمی بنک کا کہنا ہے کہ پاکستان کی اقتصادی کارکردگی متاثر کن ہے پاکستان اقتصادی ترقی، ملازمتوں کے مواقع پیدا کرنے کے لئے راستے پر چل رہا ہے عالمی بنک پاکستان کی ہر طرح سے مدد کرتا ہے ورلڈ بنک کا کہنا ہے کہ اقتصادی ترقی کی شرح بڑھانے کیلئے شراکت داری جاری رہے گی ورلڈ بنک کے مطابق پاکستان کے مالی خسارے ،مہنگائی کی شدت سے مطمئن ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن