وزیر اعلی اچانک جیابگا پہنچ گئے،3 بھٹوں پر چھاپہ: صدر عالمی بنک کی بھی ملاقات
لاہور+ قصور، الٰہ آباد+ ٹھینگ موڑ (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف بغیر پیشگی اطلاع کے اچانک لاہور سے 33 کلومیٹر دور نواحی گائوں جیابگا پہنچ گئے جہاں انہوں نے اپنا ہیلی کاپٹر اینٹوں کے بھٹے کے قریب کھیتوں میں اتار لیا۔ وزیراعلیٰ کے اچانک چھاپے کا مقصد بھٹہ خشت پر بچوں سے لی جانیوالی مزدوری کے خاتمے کے بارے میں حکومت پنجاب کے فیصلے پر عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لینا تھا۔ وزیراعلیٰ نے کئی گھنٹے تک 3 مختلف اینٹوں کے بھٹوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور وہاں کام کرنے والے مزدوروں سے مفصل سوال جواب کئے۔ وزیراعلیٰ نے ایک بھٹے پر 13 سالہ بچے محمد دانش کو مزدوری کرتے دیکھ کر سخت برہمی کا اظہار کیا اور بھٹہ مالک کی سرزنش کی۔ انہوں نے کہا کہ محمد دانش کو اس بھٹے کی بجائے دانش سکول ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ امید ہے کہ بھٹہ مالکان سختی کا موقع نہیں آنے دیں گے اور وہ ان بچوں کی تعلیم میں ممد و معاون ثابت ہوں گے کیونکہ یہ بچے قوم کا مستقبل ہیں اور ہم انہیں پیشگی معاوضوں کے ذریعے کسی کے ہاتھ گروی رکھنے کی اجازت نہیں دیں گے۔ وزیراعلیٰ نے بھٹوں پر کام کرنے والے بچوں کی مکمل کفالت کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ جب تک بھٹوں پر کام کرنے والا آخری بچہ بھی سکول نہیں پہنچ جاتا، میں آرام سے نہیں بیٹھوں گا۔ بچوں کی تعلیم کیلئے جتنے بھی مزید وسائل درکار ہوں گے، ہم مہیا کریں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا ہے کہ پنجاب کی ترقیاتی حکمت عملی 2018ء کے تحت سالانہ شرح ترقی کا ہدف 8فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ آئندہ اڑھائی برسوں میں 20لاکھ ہنرمند افرادی قوت تیار کرنے کا ہدف پورا کیا جائے گا۔ عالمی بینک کے صدر جم یونگ کم(Mr.Jim Yong Kim) سے ملاقات میںگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کو محفوظ، معاشی طورپر مضبوط صوبہ بنانا ہمارا مشن ہے۔ عالمی بنک کے صدر نے پنجاب حکومت کے ساتھ قابل تجدید ذرائع سے توانائی کے منصوبوں‘ تعلیم‘ صحت اور دیگر شعبوں میں ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ شہباز شریف اہداف متعین کرکے نتائج حاصل کرنے کی پالیسی پر کامیابی سے عمل پیرا ہیں۔ ان کی متاثرکن قیادت میں پنجاب نے مثالی ترقی کی ہے ہم پنجاب حکومت کے ساتھ مستقبل میںقریبی رابطے رکھتے ہوئے تعاون کو فروغ دیں گے۔ عالمی بنک کے صدر جم یونگ کم نے وزیراعلیٰ کے کام کرنے کی غیرمعمولی صلاحیتوں کی تعریف کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا صوبے میںگیس سے چلنے والے 3600میگاواٹ بجلی کے کارخانے لگائے جا رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے عالمی بنک کے صدر سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت پنجاب عوام کو باوقار اور محفوظ، آرام دہ ،باکفایت اور عالمی معیار کی سفری سہولتیں فراہم کرنے کیلئے موثر اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ نے ورلڈ بنک کے صدر جم یونگ کم کو چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے حکومت پنجاب کی خدمات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ بھٹہ پر کام کرنے والے 30ہزار بچوں کو سکولوں میں داخلہ دیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پاکستان میں ملائشیا کے ہائی کمشنر ڈاکٹرحسرل ثانی بن مجتبر(Dr. Hasrul Sani Bin Mujtabar) نے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، دو طرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں معاشی و تجارتی تعلقات خصوصاً لائیوسٹاک، زراعت اور حلال فوڈ کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ملائشیا کے درمیان بہترین برادرانہ اور تجارتی تعلقات قائم ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے قصور میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے ملک احمد خاں کی رہائش گاہ پر جاکر ان کے والد سابق ڈپٹی چیئرمین سینٹ ملک محمد علی کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے مرحوم کی مغفرت اور روح کے ایصال ثواب کیلئے فاتحہ خوانی بھی کی۔