ڈاکٹر عاصم کو 12 روزہ ریمانڈ پر جیل بھیج دیا گیا نیب ریفرنس جمع کرائے: احتساب عدالت
کراچی (نوائے وقت رپورٹ+ آن لائن) کراچی کی احتساب عدالت نے نیب کو ریفرنس جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے سابق مشیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم کو 22فروری تک کرپشن کیس میں جیل بھیج دیا۔ احتساب عدالت میں نیب تفتیشی حکام کی جانب سے ڈاکٹر عاصم حسین کی ریمانڈ رپورٹ جمع کرائی گئی۔ رپورٹ میں ڈاکٹر عاصم سمیت 5 افراد کو نامزد کیا گیا ہے۔ نامزد افراد پر فراڈ، زمینوں کی غیر قانونی الاٹمنٹ،سرکاری زمین پر قبضے، لوگوں کے ساتھ ویلفیئر کے نام پر جعلسازی، منی لانڈرنگ، کھاد کے کارخانوں اور گیس کے کنکشن میں کمشن لینے کے الزامات شامل ہیں۔ عدالت کو نیب کی جانب سے 46ارب روپے سے زائد کی رقم کی جعلسازی کے بارے میں بتایا گیا۔ تفتیشی حکام نے عدالت کو بتایا کہ دوران تفتیش عاصم حسین منی لانڈرنگ میں پیسوں کی منتقلی سے متعلق تسلی بخش جواب دینے سے قاصر رہے ہیں، تاہم ملزم کی جانب سے نیب کو مزید دستاویزات فراہم کرنے کے لئے دو روز کا وقت کا مانگا گیا۔ کیس کے تفتیشی افسر نے ڈاکٹر عاصم حسین سے مزید تفتیش کے لئے 14روز کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاہم عدالت نے اسے مسترد کرتے ہوئے 22فروری تک جیل بھیجتے ہوئے نیب کو 22 فروری تک ریفرنس جمع کرانے کا حکم دیا۔ عدالت نے مزید کہا کہ ڈاکٹر عاصم کو جیل میں بی کلاس فراہم کی جائے۔