ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ سکواڈ: احمد شہزاد‘ صہیب مقصود‘ عمر گل ڈراپ‘ خرم منظور‘ محمد نواز‘ رومان رئیس شامل
لاہور(نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ کی سلیکشن کمیٹی نے آئندہ ماہ بھارت میں ہونیوالے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے احمد شہزاد ،عمر گل ،صہیب مقصود اور محمد رضوان کو سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا جبکہ آل راؤنڈر محمد نواز اور رومان رئیس سلیکٹرز کا اعتماد جیتنے میں کامیاب ہو گئے۔سلیکشن کمیٹی نے پاکستان سپر لیگ کے ابتدائی میچز کا جائزہ لینے کے بعد احمد شہزاد، عمر گل، صہیب مقصود اور محمد رضوان کو ڈراپ کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ پاکستان سپر لیگ میں بھی ان کی کارکردگی واجبی رہی۔کامران اکمل کی بھی سکواڈ میں شمولیت کا امکان تھا لیکن وہ ناکام رہے۔ پاکستان سپر لیگ کے ذریعے ابھر کر سامنے آنے والے محمد نواز کو شاندار کارکردگی کا انعام مل گیا اور انہیں بھی ورلڈ ٹی ٹونٹی کیلئے قومی ٹیم کا حصہ بنا لیا گیا ہے جبکہ اس کے ساتھ ساتھ بابر اعظم اور رومان رئیس بھی سلیکٹرز کا اعتماد جیتنے میں کامیاب رہے۔ 15 رکنی سکواڈ ممکنہ طور پرشاہد آفریدی(کپتان)، سرفراز احمد(نائب کپتان)، محمد حفیظ، شعیب ملک، بابر اعظم، عمر اکمل، عماد وسیم، انور علی، محمد نواز، محمد عامر، افتخار احمد، محمد عرفان، رومان رئیس، وہاب ریاض اور خرم منظور پر مشتمل ہوسکتا ہے۔یہی سکواڈ ایشیا کپ بھی کھیلے گا۔ایشیا کپ ٹی ٹونٹی 24 فروری سے چھ مارچ تک بنگلہ دیش میں کھیلا جائے گا۔ ذرائع کے مطابق رومان رئیس کے نام پربحث جاری ہے اور ان کا نام فائنل نہیں ہوا ‘جبکہ کپتان ّآفریدی کی خواہش ہے کہ ٹیم میں محمد عرفان اور سہیل تنویرٹیم کا حصہ ہونا چاہئے ۔چیئرمین پی سی بی نے تمام معاملہ سلیکشن کمیٹی پر چھوڑ دیا ہے اور اسی کا فیصلہ حتمی ہوگا ۔امکان ہے کہ ٹیم کا اعلان آج کردیا جائے گا۔