ہائیکورٹ نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو پی ٹی آئی کے ایم این اے غلام سرور کی ڈگری منسوخ کرنے سے روکدیا
لاہور ( اپنے نامہ نگار سے) لاہور ہائیکورٹ نے اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور کو تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی غلام سرور خان کی بی اے کی ڈگری منسوخ کرنے سے روکتے ہوئے یونیورسٹی انتظامیہ اور چیف سیکرٹری پنجاب سے 7 مارچ تک جواب طلب کر لیا۔ جسٹس شاہد کریم نے راولپنڈی سے ایم این اے غلام سرور خان کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے مئوقف اختیار کیا کہ وزیر داخلہ چودھری نثار اور مسلم لیگ (ن) کی ہدایت پر درخواست گزار کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور نے ایم این اے غلام سرور خان کی 13 برس قبل جاریکردہ بی اے کی ڈگری کو منسوخ کرنے کیلئے سرکلر جاری کیا ہے، یونیورسٹی کا موقف ہے کہ بی اے کے داخلے کیلئے ایسوسی ایٹ انجینئرنگ کا جو ڈپلومہ استعمال کیا گیا وہ قانونی نہیں تھا۔ انہوں نے مزید موقف اختیار کیا کہ ڈگری کی منسوخی کا عمل شروع کرنے سے قبل انہیں کوئی نوٹس نہیں دیا گیا جبکہ ہائیکورٹ کے ایک فیصلے میں بھی درخواست گزار کی ڈگری کو درست قرار دیا جا چکا ہے، ایم این اے کی ڈگری منسوخ کرنے کا اقدام کالعدم کیا جائے۔