چارسدہ، سکول پر حملے کی افواہ گارڈ کی فائرنگ، ملتان میں تعلیمی ادارے کی انتظامیہ کو دھمکی آمیز خط موصول
چارسدہ + ملتان (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) گورنمنٹ عمر حیات شہید ہائی سیکنڈری سکول نمبر 1 چارسدہ میں دہشت گردوں کے حملے کی افواہ، سکول کے سکیورٹی اہلکاروں کی ہوائی فائرنگ، والدین اور اہل علاقہ اسلحہ سمیت سکول پہنچ گئے، ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال چارسدہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی اور تمام سٹاف ہائی الرٹ کردیا گیا۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر حالات پر قابو پالیا۔ بیت الخلاء کی طرف سے جماعت نہم کا طالب علم شہاب زخمی حالت میں دوڑتے ہوئے چلاتا رہا دہشت گردوں نے حملہ کیا جس پر سکول کے سیکورٹی اہلکاروںنے ہوائی فائرنگ شروع کی جس سے طلباء اور اساتذہ سمیت دیگر عملے میں خوف وہراس پھیل گیا۔ سینکڑوں والدین اور شہری اسلحہ سمیت موقع پر پہنچ گئے۔ سکول انتظامیہ نے طالب علم کے بیان کو مسترد کرتے ہوئے کہاکہ متذکرہ طالب علم اکثر وبیشتر سکول سے بھاگتا تھا اور آج سکول دیوار پھلانگ کر سکول سے بھاگ رہا تھا کہ خاردار تاروں میں پھنس کر زخمی ہوکر دیوار سے نیچے گر پڑا۔ اسسٹنٹ کمشنر چارسدہ نے کہاکہ واقعے کی انکوائری کی جائیگی، انہوں نے زخمی طالب علم سے بھی پوچھ گچھ کی۔ دوسری طرف ملتان میں سرکاری سکول کی انتظامیہ کو دھمکی آمیز خط ملنے پر سکیورٹی ایجنسیوں نے سکول اور اس سے ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کیا اور سکول کی سکیورٹی کو سخت کر دیا گیا۔ تفصیل کے مطابق شہر کے وسطی علاقہ ابدالی روڈ پر واقع گورنمنٹ پائلٹ سیکنڈری سکول نواں شہر ملتان کے ہیڈ ماسٹر کو گزشتہ روز نامعلوم خط موصول ہوا جس میں دھمکی آمیز پیغام تحریر تھا 10 فروری تا 8 اپریل 2016ء میں کسی وقت بھی سکول آ کر بچوں کی ہولی کھیل سکتے ہیں’’تیار رہنا‘‘۔ سکیورٹی اداروں نے دھمکی آمیز خط سے متعلق مختلف پہلوؤں پر تفتیش بھی شروع کر دی ہے۔ یہ خط 8 فروی کو جی پی او ملتان سے پوسٹ کیا گیا ہے۔