• news

اپردیر، لہڑی سے 2 دہشت گرد گرفتار، شبقدر: 2 ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا دیئے گئے

دیر (ایجنسیاں + نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) اپردیر میں سپیشل پولیس یونٹ ملاکنڈ ریجن نے کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گردکو گرفتارکرلیا ہے جس کا تعلق خیبر ایجنسی سے بتایا گیا ہے۔ سپیشل پولیس یونٹ ملاکنڈ ریجن کے مطابق کارروائی اپر دیر کے علاقے چکیاتن میں کی گئی۔ جس کے دوران دہشت گرد جاوید کو گرفتارکیاگیا۔ ایس پی یو کے مطابق ملزم جاوید ایک کالعدم تنظیم کا کمانڈر ہے ملزم کے قبضہ سے ایک دستی بم، ایک پستول اور کارتوس برآمد ہوئے۔ دریں اثنا نوائے وقت رپورٹ کے مطالبق بلوچستان کے ضلع لہڑی سے کالعدم بی ایل اے کے دہشتگرد کو گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق گرفتار ملزم سنگین وارداتوں میں ملوث ہے۔ دوسری طرف این این آئی کے مطابق مہمند ایجنسی کی تحصیل حلیمزئی کے علاقہ شانی خیل میں بم ڈسپوزل سکواڈ نے قریبی خوڑ میں نصب کی گئی بارودی سرنگ کو ناکارہ بنا دیا گیا۔ جس سے جانی و مالی نقصان کا خطرہ ٹل گیا۔ پولیٹیکل انتظامیہ اور سکیورٹی فورسز کو اطلاع ملی تھی کہ شانی خیل کے قریب خوڑ میں بارودی مواد نصب کیا گیا ہے۔ اے پی پی کے مطابق شبقدر کے علاقہ شنوغنڈو میں بم ڈسپوزل یونٹ نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 7کلو اور 4کلو وزنی ریموٹ کنٹرول بم ناکارہ بنا کر بڑی تباہی ٹال دی ۔ بی ڈی ایس نے جائے وقوعہ سے 6فٹ پرائما کارڈ ، ایک ریمورٹ کنٹرول اور چار ریسیور بھی برآمد کئے ۔ لنڈی کوتل سے نامہ نگار کے مطابق ذخہ خیل بازارمیں چند روز قبل اغوا کئے گئے مقامی قبائلی کے پانچ سالہ بچے کی نعش برآمد ہوئی۔ دور افتادہ علاقہ بازار ذخہ خیل کا مقا می رہائشی زرین گل کا بیٹا چند دن پہلے نامعلوم اغوا کاروں نے بندوق کی نوک پر اغوا کیا تھا۔ منگل کو اس کی نعش ویرانے پر پھینک دی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن