• news

مبینہ پولیس مقابلے: لاہور میں دو، کوٹ رادھا کشن، ایک ڈاکو ہلاک

لاہور/ کوٹ رادھاکشن/ قصور (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) سبزہ زار کے علاقہ میں مبینہ پولیس مقابلے میںدو ڈاکو ہلاک ہو گئے۔ بتایا جاتا ہے کہ سی آئی اے نواں کوٹ پولیس کو اطلاع ملی کہ سبزہ زار کے علاقہ ای بلاک، کے چوک میں دو ڈاکو شہریوں سے لوٹ مار کر رہے ہیں جس پر سی آ ئی اے پولیس موقع پر پہنچی تو ڈاکوؤں نے فائرنگ شروع کر دی۔ جوابی فائرنگ سے دو نوں ڈاکو موقع پر ہلاک ہوگئے۔اطلاع ملنے پر پو لیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی پولیس نے دونوں لاشیں پوسٹ مارٹم کے لئے مردہ خانے جمع کرا دی ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں پاکپتن کا اشتہاری ملزم آصف اور ارشد شامل ہیں۔ سی آئی اے نواں کوٹ پولیس کے مطابق ملزمان انتہائی خطرناک اور دہشت گردی کے واقعات سمیت اغواء برائے تاوان کی وارداتوں میں ملوث تھے۔ انہوں نے جیل وین پر فائرنگ کر کے اپنے چھ ساتھیوں کو بھی پولیس حراست سے چھڑایا تھا۔ سبزہ زار پولیس نے اپنی مدعت میں مقدمہ درج کر لیا۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے پہلے سے گرفتار ملزمان کو یہاں لا کر فائرنگ کرکے ہلاک کرنے کے بعد پولیس مقابلے کا رنگ دیدیا۔ کوٹ رادھا کشن کے علاقہ ہندال چوک کے قریب مبینہ پولیس مقابلے میں ڈاکو ہلاک ہو گیا۔ ڈی پی او علی ناصر رضوی کے مطابق شہری نواز نے 15 پر اطلاع دی کہ ہندال چوک کے قریب ملزموں کے درمیان فائرنگ ہو رہی ہے۔ تھانہ کوٹ رادھا کشن پولیس پہنچی تو ایک ملزم زخمی حالت میں پڑا تھا جس نے اپنا نام منشا عرف شکر بتایا جو ہسپتال لے جاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ موقع سے پستول بھی برآمد ہوا۔ سکھر میں باگڑجی کچے کے علاقے میں مبینہ پولیس مقابلے میں دو ڈاکو مارے گئے، ایک فرار ہو گیا۔ ایس ایس پی تنویر حسین کے مطابق مارے گئے ڈاکو چند روز قبل ہیڈکانسٹیبل گلی شیر کے قتل میں ملوث تھے، اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن