• news

لائوڈ سپیکر ایکٹ، دفعہ 144 کی خلاف ورزی عمران، طاہر القادری کے وارنٹ جاری

اسلام آباد (ایجنسیاں+ بی بی سی) اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے لاؤڈ سپیکر ایکٹ اور شہر میں نافذ دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے مقدمے میں عمران خان اور طاہرالقادری سمیت 27 افراد کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے ہیں۔ ان ملزموں کے خلاف تھانہ سیکریٹریٹ میں مقدمہ درج کیا گیا تھا ، علاقہ مجسٹریٹ کی عدالت میں سماعت کے دوران پولیس نے موقف اختیار کیا کہ مقدمے کی تفتیش کے سلسلے میں متعدد بار عمران خان سمیت دیگر ملزموں سے رابطہ کیا لیکن ان میں سے کوئی بھی تفتیشی افسر کے سامنے پیش نہیں ہوا۔ تفتیشی افسر کا موقف تھا کہ ملزموں کے پیش نہ ہونے کی وجہ سے اس مقدمے کی تفتیش بھی نامکمل ہے لہٰذا عدالت ملزموں کو پابند بنائے کہ وہ مقدمے کی تفتیش کے لیے تھانے میں پیش ہوں۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے استدعا کی کہ ملزموں کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے جائیں، اس مقدمے میں 2014 میں ڈی چوک پر تحریک انصاف کے دھرنوں کے دوران ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے والے ڈی جے بٹ کو گرفتار کیا تھا، تاہم اْنہوں نے اس مقدمے میں ضمانت کروا لی تھی۔ ڈی جے بٹ کے وکیل نے کہا کہ اْن کے موکل کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے اور صرف اْن کے موکل کا عبوری چالان ہی عدالت میں پیش کیا گیا ہے جبکہ اس مقدمے میں نامزد ملزم ابھی تک تفتیش کے لیے تھانے میں پیش نہیں ہوئے۔

ای پیپر-دی نیشن