ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ میں تمام ٹیموں کو اعلیٰ سطح کی سکیورٹی دینگے :انوراگ ٹھاکر
ممبئی(سپورٹس ڈیسک)بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری انوراگ ٹھاکر نے پاکستان کی جانب سے ورلڈ ٹی ٹوئٹی کے میچوں کو غیرجانبدار مقامات پر منتقل کرنے کی تجویز کے بعد تمام ٹیموں کو اعلیٰ سطح کی سکیورٹی مہیا کرنے کی یقین دہانی کرادی ہے۔ انوراگ ٹھاکر کا کہنا ہے کہ بی سی سی آئی ورلڈ ٹی ٹونٹی کی میزبانی کے لیے مکمل طورپر تیار ہے اور کسی ملک کو یہاں غیر محفوظ محسوس نہیں کرنا چاہیے۔پاکستان ان 16 ٹیموں میں سے ایک ہے جسے بھارتی حکومت مکمل سکیورٹی فراہم کرے گی، میرے خیال میں کوالیفائی کرنے والی تمام ٹیموں کو یہاں آنا چاہیے، بھارت تیار ہے اور اگر کسی ملک کو کوئی مسئلہ ہے تو پھر انھیں اس حوالے سے فیصلہ کرنے کی ضرورت ہے۔بی سی سی آئی ورلڈ کپ کا انتظام بہترین طریقے سے انجام دے گا اور ہر ٹیم کو بہترین تحفظ دیا جائے گا اس سے قبل ہم نے ورلڈ کپ اور کئی انٹرنیشنل میچوں کی میزبانی کی ہے اور میرا نہیں خیال کسی ملک کو یہاں غیر محفوظ سمجھنا چاہیے۔