بلوچستان: یونیورسٹیوں کی سکیورٹی کیلئے ’’کیمپس فورس‘‘ قائم کرنے کی منظوری
کوئٹہ (بی بی سی ڈاٹ کام) خیبر پی کے میں باچا خان یونیورسٹی پر حملے کے بعد بلوچستان میں یونیورسٹیوں کی سکیورٹی کے لئے ایک منصوبے کی منظوری دی گئی ہے۔ اس منصوبے کے تحت ریٹائرڈ سکیورٹی اہلکاروں پر مشتمل کیمپس فورس تشکیل دی جائیگی۔ سرکاری حکام کے مطابق چارسدہ میں یونیورسٹی پر حملے کے واقعہ کے بعد کوئٹہ سمیت بلوچستان کے دیگر علاقوں میں تعلیمی اداروں کے تحفظ کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بلوچستان کے سیکرٹری داخلہ اکبر حسین درانی نے بتایا کہ جس طرح بلوچستان یونیورسٹی کے لئے کیمپس فورس قائم کی گئی ہے اس طرز پر حکومت نے تمام یونیورسٹیوں کے لئے کیمپس فورس قائم کر نے کی منظوری دی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ یونیورسٹیوں کے لئے سکیورٹی فورسز کے ریٹائرڈ ملازمین پر مشتمل ہوگی اور اس سلسلے میں چار سو افراد بھرتی کئے جائیں گے۔ بلوچستان میں تعلیمی اداروں کے اساتذہ کو اسلحہ چلانے کی تربیت دینے کی نوبت نہیں آئے گی۔ ’ہم تعلیمی اداروں کے محافظین کو تربیت دیں گے لیکن اساتذہ کا کام پڑھانا اور طلباء کا کام پڑھنا ہے ہاں ان کو سکیورٹی کے حوالے سے شعور دینا چاہیے۔‘