صدارتی امیدوار کا انتخاب : نیو ہیمپشائر میں سینڈرز اور ٹرمپ کی جیت ، ہلیری کو شکست
نیو یارک ( بی بی سی ) امریکی ریاست نیو ہیمپشائر میں ڈیمو کریٹک اور ری پبلکن پارٹی کے صدارتی امیدوار کے انتخاب کا مقابلہ بالترتیب سینیٹر برنی سینڈرز اور ڈونلڈ ٹرمپ نے جیت لیا ہے۔نیو ہیمپشائر آئیووا کے بعد دوسری امریکی ریاست ہے جہاں صدارتی امیدوار کے انتخاب کے لیے ووٹ ڈالے گئے۔آئیووا میں ان دونوں ہی امیدواروں کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔تاہم اس مرتبہ ڈیموکریٹ پارٹی کے امیدوار بننے کے خواہشمند سینڈرز اپنی حریف اور سابق امریکی وزیرِ خارجہ ہلیری کلنٹن کو شکست دینے میں کامیاب رہے۔فتح کے واضح آثار سامنے آنے کے بعد برنی سینڈرز نے ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ ’ہم ساتھ کھڑے ہوتے ہیں تو فتح ہمارا مقدر بنتی ہے۔ ہم جیت گئے۔ نیو ہیمپشائر! تمہارا شکریہ۔ان کی مخالف ہلیری کلنٹن نے شکست تسلیم کرتے ہوئے برنی کو مبارکباد دی تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ اس مہم کے دوران ہر ایک ووٹ کے حصول کے لیے مقابلہ کرتی رہیں گی۔ڈیموکریٹ امیدوار کے انتخاب کے برعکس ری پبلکن صدارتی امیدوار کے انتخاب کے سلسلے میں سخت مقابلہ دیکھنے کو ملا تاہم اس دوڑ میں پیش پیش ڈونلڈ ٹرمپ پہلی بار اپنی عوامی حمایت کو ووٹوں کی شکل دینے میں کامیاب رہے۔نیو ہیمپشائر میں اپنی فتح کا اعلان کرتے ہوئے ٹرمپ نے نہ صرف اپنے ووٹروں کا شکریہ ادا کیا بلکہ ڈیموکریٹ امیدوار برنی سینڈرز کو بھی مبارکباد دی۔امریکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اس کاکس میں اوہایو کے گوربر جان کیسچ دوسرے نمبر پر رہے ہیں جبکہ فلوریڈا کے سابق گورنر جیب بش اور آئیووا کاکس کے فاتح ٹیڈ کروز کے درمیان تیسری پوزیشن کے لیے مقابلہ رہا۔