کراچی: مشرف طبیعت خراب ہونے پر آئی سی یو پہنچ گئے، طبی معائنہ کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج
کراچی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق صدر جنرل (ر) پرویز مشرف کی طبیعت گھر پر اچانک بگڑ گئی جس کے باعث انہیں فوری طور پر پی این ایس شفا ہسپتال کراچی منتقل کردیا گیا۔ ترجمان اے پی ایم ایل کے مطابق سابق صدر کا بلڈ پریشر اچانک بڑھ گیا تھا اور ان کو چکر آئے۔ ترجمان کے مطابق سابق صدر پرویز مشرف کی حالت بہتر ہو گئی جس کے بعد ہسپتال سے فارغ کر دیا گیا۔ بریگیڈیئر (ر) اختر ضامن کے مطابق پرویز مشرف کو ہائی بلڈ پریشر کی شکایت پر پی این ایس شفا لایا گیا تھا۔ ہسپتال میں مختلف ٹیسٹ کئے گئے۔ ابتدائی رپورٹس صحیح آنے پر ڈسچارج کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پرویز مشرف کو ٹیسٹ رپورٹ آنے تک کچھ دیر کیلئے آئی سی یو میں بھی رکھا گیا۔ صدر آل پاکستان مسلم لیگ کراچی امجد حسین نے کہا ہے کہ پرویز مشرف کو بلڈ پریشر اور سانس کا مسئلہ تھا، پرویز مشرف کا نام ای سی ایل سے نکالا جائے۔ علاج کیلئے باہر جانے دیا جائے۔