عمران نے قول و فعل کے تضاد کی ہیٹرک کر لی، خدا سچ بولنے کی توفیق دے: پرویز رشید
اسلام آباد + لاہور (این این آئی+ خصوصی رپورٹر) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر پرویز رشید نے کہا ہے کہ عمران خان کے قول فعل کے تضادات نے صرف تین دن میں ہیٹرک مکمل کر لی ہے۔ وزیر اطلاعات نے کہا کہ عمران خان نے پہلے دن لازمی سروس ایکٹ کو نافذ کیا دوسرے دن احتساب کے قانون کو اپنے ہاتھ کی چھڑی بنا لیا اور تیسرے دن تبدیلی کا نعرہ موروثی سیاستدان کے در پر دفن کرنے پہنچ گیا۔ خدا انہیں سچ بولنے کی توفیق دے۔ دریں اثناء پنجاب حکومت کے ترجمان سید زعیم حسین قادری نے کہا ہے کہ عمران خان نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کو دل پر ہی لگا لیا ہے، عمران خان خیبر پی کے کے پریشان حال لوگوں کے مسائل پر بات کیوں نہیں کرتے۔ الزام خان صرف باتیں بنا سکتے ہیں،کام کرنا ان کے بس کی بات نہیں۔ ہم کام کرتے ہیں اور عمران خان جھوٹی سچی باتیں بناتے ہیں۔ حکومت پنجاب کاشتکاروں کی فلاح وبہبود کے انقلابی زرعی اقدامات کررہی ہے۔ پنجاب کا کسان کبھی بھی عمران خان کی لچھے دار باتوں میں نہیں آئے گا۔ عمران خان پاکستان کو فلاحی مملکت بنانے کی باتیں کرتے ہیں؟ کیا خیبرپختونخوا فلاحی صوبہ بن چکا ہے۔ عمران خان خاطر جمع رکھیں۔ عمران خان صاحب کچھ کریں گے تو اشتہارات چھپوانے کے قابل ہو سکیں گے۔