اورنج لائن ٹرین: حکم امتناعی کے باوجود کام جاری رکھنے پر نوٹس
لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بنچ نے اورنج لائن ٹرین منصوبے پر حکم امتناعی کے باوجود تعمیراتی کام جاری رکھنے کے خلاف دائر درخواست پر پنجاب حکومت، ڈی جی ایل اے اور خواجہ احمد حسان سمیت دیگر فریقین کو چوبیس فروری کے لیے نوٹس جاری کردیئے ہیں۔ مسٹر جسٹس عابد عزیز شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے مقامی شہریوں کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست میں ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ، اسرار سعید، خواجہ حسان، ڈاکٹر جاوید اقبال اور چودھری اور محمد اعجاز کو فریق بنایا گیا ہے۔ دوران سماعت درخواستگزاروں کے وکیل محمد اظہر صدیق نے عدالت کو بتایا کہ 28 جنوری کو حکم امتناعی جاری کرکے 11 تاریخی عمارتوں کی 200 فٹ کی حدود میں تعمیراتی کام سے روکا گیا تھا لیکن ہائیکورٹ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیراتی کام جاری ہے اور ترقی کے نام پر آثار قدیمہ کی تباہی حکومت ترجیحات پر ایک سوالیہ نشان ہے۔ عدالت نے کیس کی سماعت 24 فروری تک ملتوی کر دی۔