• news

زیادہ ممبرشپ کرنے والوں کو عام انتخابات میں ٹکٹ ملیں گے: تحریک انصاف

لاہور (فرخ سعید خواجہ) تحریک انصاف پارٹی ممبرشپ کیلئے چوراہوں اور اہم مقامات پر پارٹی کیمپ لگا رہی ہے جہاں لوگوں کی ممبرشپ کی جائے گی۔ تحریک انصاف نے 5 لاکھ ممبران کا ہدف مقرر کیا ہے۔ تحریک انصاف کے چیئرمین کی جانب سے پارٹی کے تمام اہم افراد کو یہ پیغام پہنچا دیا گیا ہے کہ آئندہ عام انتخابات میں ان افراد ہی کو ٹکٹیں دی جائیں گی جنہوں نے اپنے اپنے حلقہ انتخاب میں زیادہ سے زیادہ ممبرشپ کی ہو گی۔ پنجاب میں انٹرا پارٹی الیکشن میں حصہ لینے والے امیدوار اپنے اپنے طور پر ممبرشپ کیلئے کیمپ لگائیں گے۔ تحریک انصاف کی جانب سے صوبائی صدر کے امیدوار چودھری محمد سرور ان دنوں پنجاب کے مختلف شہروں کے دورے کر رہے ہیں جہاں وہ اہم پارٹی رہنمائوں و سینئر کارکنوں کے یہاں جا کر ممبرسازی مہم کے سلسلے میں تقاریب میں شرکت کر رہے ہیں۔ صوبائی قیادت کے دوسرے امیدورار اعجاز چودھری اگرچہ پچھلے تین دن سے علیل ہیں لیکن وہ بھی اس کام میں خاصے مصروف رہے ہیں۔ تیسرے متوقع صوبائی امیدوار محمد خان مدنی بھی ممبرسازی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے ہیں جبکہ چوتھے متوقع امیدوار ولید اقبال لاہور شہر میں ممبرسازی مہم کیلئے قومی اسمبلی کے ہر حلقے میں روزانہ پانچ کیمپ لگانے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ تحریک انصاف کے صوبائی صدر کیلئے چودھری محمد سرور فیورٹ ہیں جبکہ اعجاز چودھری، محمد خان مدنی، ولید اقبال اور عمر سرفراز چیمہ اور ان کے حامی باہم اتفاق رائے کر کے مشترکہ امیدوار لانے کے خواہاں ہیں۔ ان رہنمائوں نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ پارٹی کے نظریاتی کارکن مشترکہ امیدوار لانے کے خواہاں ہیں اور مختلف قابل ذکر پارٹی شخصیات اور کارکنوں کے وسیع تر مشاورتی اجلاس میں متفقہ امیدوار کا فیصلہ کیا جائے گا جس کا اعلاس اس اجلاس میں شریک سینئر ترین فرد کرے گا۔

ای پیپر-دی نیشن