دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں ’’ پاکستان زندہ باد‘‘ کے نعرے، انتظامیہ کا طلباء کیخلاف کارروائی کا حکم
نئی دہلی (آئی این پی) نئی دہلی کی جواہر لال نہرو یونیورسٹی میں کشمیر ی رہنما افضل گورو اور مقبول بٹ کی پھانسی کے خلاف اور کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے حوالے سے منعقدہ تقریب کے دوران’’ پاکستان زندہ آباد‘‘ کے نعرے لگ گئے ، یونیورسٹی انتظامیہ نے طلباء کے خلاف تادیبی کاروائی کا حکم دیدیا جبکہ وزیر داخلہ راجناتھ سنگھ ، سمرتی ایرانی اور دہلی پولیس کمشنر سے ملک دشمن سرگرمیوں میں ملوث طلباء کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا گیا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کیمپس میں ہر جگہ افضل گورو اور مقبول بٹ کے عدالتی قتل کے خلاف پوسٹر چسپاں کیے گئے تھے ۔تقریب کے دوران ’’پاکستان زندہ باد ‘‘ بھی لگ گئے ۔یونیورسٹی انتظامیہ نے افضل گورو کی پھانسی کے خلاف تقریب پر پابندی کے باوجود کیمپس میں تقریب منعقد کرنے پر طلباء کے خلاف تادیبی کاروائی کا حکم دیدیا ہے۔ مہیش گرری نے وزیر داخلہ سے مطالبہ کیا کہ واقعے کے ذمہ دار طلباء کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کا حکم دیا جائے۔