• news

بھکر، فیصل آباد، ننکانہ میں 2 لڑکیوں اور 2 لڑکوں سے زیادتی

بھکر + فیصل آباد+ ننکانہ (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) بھکر، فیصل آباد اور ننکانہ میں 2 لڑکیوں اور 2 لڑکوں سے زیادتی کی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بھکر کے نواحی علاقہ جھوک ڈتہ میں اوباش نے لڑکی کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ جھوک ڈتہ موضع سیال کی رہائشی مسمات شاہین بی بی نے درخواست گزاری ملزم سمیع اللہ میرے گھر میں داخل ہوا اور اسلحہ کے زور پر کمرہ میں لے جا کر میرے ساتھ زبردستی زیادتی کی جس پر تھانہ صدر بھکر پولیس نے ملزم سمیع اللہ کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔فیصل آباد میں روڈالہ روڈ کے علاقہ 374گ۔ب میں فاروق کے بیٹے حسنین کو ملزم ساجد نے فصل کماد میں اور غلام محمد آباد کے علاقہ جواد کلب کے نزدیک اقبال کے بیٹے وسیم کو ملزم نے ویرانے میں لے جا کر زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ ننکانہ صاحب میں تھانہ بڑا گھر کے گائوں موضع چمڑوتی کے محمد اشرف کی16سالہ بیٹی (ر) رفع حاجت کے لئے کھیتوں میں گئی تو گائوں کے اوباش گلزار کچھی نے گن پوائنٹ پر کاشف آرائیں کی حویلی میں لے جا کر بے آبرو کر ڈالا۔ کاشف گن پوائنٹ پر دھمکیاں دیتے ہوئے ملزم گلزار سمیت فرار ہو گیا۔ بااثر ملزموں کے دبائو پر تھانہ بڑا گھر پولیس نے مقدمہ درج کرنے سے لیت و لعل کیا تو متاثرین کی درخواست پر ڈی پی او ننکانہ رانا ایاز سلیم کے حکم پر پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزم کاشف کو گرفتار کر لیا جبکہ بااثر ملزم گلزار کچھی کو گرفتار کرنے کے لیے پولیس نے کوئی کارروائی نہ کی۔

ای پیپر-دی نیشن