• news

سائوتھ ایشین گیمز: پاکستان نے بھارت کو ہرا کر ہاکی کا گولڈ میڈل جیت لیا

لاہور (نمائندہ سپورٹس+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان ہاکی ٹیم نے جنوبی ایشیائی گیمز کے فائنل میں اویس الرحمٰن کے شاندار گول کے بدولت بھارت کو1-0 سے شکست دے کر تیسری دفعہ گولڈ میڈل حاصل کر لیا۔ بھارتی شہر گوہاٹی میں جاری 12 ویں جنوبی ایشیائی گیمز کے ہاکی مقابلوں کے فائنل میں پاکستان نے میزبان بھارت کو آغاز سے شدید دباؤ میں رکھا اور روایتی حریف کے خلاف گول کرنے کی متعدد بار کوشش کی تاہم بھارتی گول کیپر نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا اور کئی حملے پسپا کر دیئے۔ پاکستان ٹیم پورے میچ میں حاوی رہی تاہم پہلے ہاف کے آخری لمحات میں اویس الرحمن نے گول داغ کر قومی ٹیم کو برتری دلادی جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔ دوسرے ہاف میں دونوں جانب سے گول کرنے کے لیے تابڑ توڑ کوششیں کی گئیں لیکن بارآور ثابت نہ ہو سکیں اور میچ مقررہ وقت پر پاکستان کی برتری کے ساتھ اختتام کو پہنچا۔ پاکستان نے گروپ مقابلوں میں بھارت کو 2-1 سے شکست دی تھی۔ پاکستان اس سے قبل 2004ء میں کولمبو اور 2010ء میں ڈھاکہ میں جنوبی ایشائی گیمز کے فائنل میں بھارت کو شکست دے کر گولڈ میڈل حاصل کر چکا ہے، رواں گیمز میں ایک دفعہ پھر بھارت کو شکست دے کر ہیٹ ٹرک کر لی۔ صدر مملکت ممنون حسین، وزیراعظم محمد نواز شریف، وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات پرویز رشید، وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے گولڈ میڈل جیتنے پاکستان کی ہاکی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن