حکمران کوئی بھی ہو حرمین شریفین کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے: ساجد میر
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث سینیٹر ساجد میر نے کہا ہے کہ پاکستان سعودی عرب کو سرخ جھنڈی نہیں دکھا سکتا، حرمین شریفین کے دفاع کے لئے پاکستان سب کچھ کرنے کے لئے تیار ہے، سعودی عرب مشکلات کے باوجود چین اور قطر کی طرح پاکستان میں سرمایہ کاری کرسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ریاض میں استقبالیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ پروفیسر ساجد میر کا کہنا تھا کہ سعودی حکمران کوئی بھی ہو، حرمین شریفین کا تقدس اور اُن کی حفاظت ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ ایسا رشتہ ہے جو کسی بھی دوسرے تعلق اور رشتہ سے مضبوط ہے۔ پاکستان اور سعودی عرب میں تعلق کو دوسرے ملک سے تقابل کیا ہی نہیں جا سکتا۔ ذوالفقار علی بھٹو ہوں یا جنرل ضیاءالحق، نوازشریف ہوں یا جنرل پرویز مشرف پاکستان کا ہمیشہ سعودی عرب نے بڑے بھائی کی طرح خیال رکھا اور ہر مشکل میں ہمارا ساتھ دیا۔ ایٹمی دھماکوں کے بعد سعودی عرب پاکستان کو اربوں ڈالر کا مفت تیل فراہم کر سکتا ہے توآج بھی وہ سب کچھ نچھاور کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان کی معیشت میں بیرون ملک پاکستانیوں کی طرف سے بھجوائے جانے والے زرمبادلہ کا اہم کردار ہے، دونوں ممالک میں ان گہرے تعلقات کو سیاست اور پوائنٹ سکورنگ کر کے بگاڑنے کی بجائے ہمیں سنجیدگی سے سعودی عرب کو اپنی سالمیت سے متعلق خطرات کا سامنا کرنے میں مدد کرنی چاہئے۔ اس سلسلے میں حکومت کا فیصلہ انتہائی مناسب اور معقول ہے۔
ساجد میر