مسلمان ملکوں میں دھماکے اور قتل و غارت گری جنگ کی نئی شکل ہے: حافظ سعید
لاہور (خصوصی نامہ نگار)امیر جماعة الدعوة حافظ محمد سعید نے کہا ہے بیرونی قوتیں مسلمانوں پر انتہا پسندی کے الزامات لگاکر اپنی دہشت گردی کے راستے ہموار کر رہی ہیں۔ مسلمان ملکوں میں دھماکے اور قتل و غارت گری جنگ کی نئی شکل ہے۔ پاکستان میں بھی جذباتی نوجوانوں کو استعمال کرنے کے سب سلسلے انہی سازشوں کا حصہ ہیں۔ ایٹمی صلاحیت رکھنے والا یہ ملک دشمنان اسلام کو کسی صورت برداشت نہیں ہے۔ وہ مسلمانوں کے دلوں سے غیرت ایمانی ختم کرنا چاہتے ہیں۔ سیرت رسولﷺ پر عمل کئے بغیر مسلمانوں کے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے انہوں نے کہا بیرونی قوتوں کی جانب سے مسلمانوں پر دہشت گردی کے بے بنیاد الزامات لگا کر مسلم خطوں وملکوں پر قبضے کئے جاتے ہیں۔ مسلمانوں کی آزادیاں و حقوق سلب اور خواتین کی عزتیں برباد کی جاتی ہیں۔ کشمیر میں آٹھ لاکھ فوج یہی کچھ کر رہی ہے۔ مسلمانوں کو باہم دست و گریباںکیا جاتا ہے۔ دھماکے اور قتل و غارت گری کا سلسلہ پروان چڑھا یا جاتا ہے۔ پاکستان میں بھی تخریب کاری اور دہشت گردی کو اسی مقصد کے تحت پھیلایا جارہا ہے۔ کفار چاہتے ہیں کہ مسلمانوں سے ان کا دین چھین لیں اور وہ ان کی غلامیاں قبول کر لیں جبکہ مسلم حکمران سمجھتے ہیں آئی ایم ایف کی پالیسیاں تسلیم کر کے ان کے سیاسی ومعاشی نظام ٹھیک چل رہے ہیں۔ کشمیر ہماری رگوں میں خون کی طرح دوڑتا ہے‘ کشمیریوں کو بھارت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے۔ پاکستانی قوم تحریک آزادی میں کشمیریوں کے ساتھ قدم سے قدم اور کندھے سے کندھا ملا کر کھڑی ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہا اللہ کا قرآن ان حالات میں مسلمانوں کی صحیح رہنمائی کرتا ہے۔ ہمیں یہ دیکھنا ہے نبی مکرمﷺ کے دور میں جب ایسے حالات پیدا ہوئے تو اس وقت کیا راستہ اور طریقہ اختیار کیا گیا۔ نبی اکرمﷺ کی زندگی ہمارے لئے بہترین نمونہ ہے۔ ہم صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کے راستہ پر چلیں گے تو اللہ تعالیٰ آسمانوں سے رحمتیں وبرکتیں نازل کرے گا۔
(حافظ سعید)