ججز نظربندی کیس، پرویز مشرف کو ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ سماعت 26 فروری تک ملتوی
اسلام آباد (نامہ نگار) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ججز نظربندی کیس میں پرویز مشرف کو ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ دیتے ہوئے سماعت 26 فروری تک ملتوی کر دی۔ گزشتہ روز سماعت شروع ہوئی تو ملزم کے وکیل کی جانب سے میڈیکل رپورٹ پیش کرتے ہوئے ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دی گئی۔ فاضل جج نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کل پرویز مشرف ہسپتال میں تھے انکا فریش میڈیکل پیش کیا جائے۔ بعدازاں بذریعہ فیکس میڈیکل رپورٹ عدالت کے روبرو پیش کی گئی۔ سپیشل پراسیکیوٹر عامر ندیم تابش نے ایک دن کیلئے حاضری سے استثنیٰ کی درخواست مسترد کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہاکہ انہیں پہلے بھی متعدد مرتبہ حاضری سے استثنیٰ مل چکا ہے، عدالت نے دلائل سننے کے بعد مذکورہ حکم جاری کر دیا۔