ویلنٹائن ڈے، کوہاٹ میں پابندی، پشاور مخالفت کی قرارداد منظور، لاہور میں مظاہرہ
لاہور+ پشاور+ کراچی+ کوہاٹ (لیڈی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ+ بی بی سی) ویلنٹائنڈے پر ضلع کونسل پشاور میں پابندی کی قرارداد منظور کر لی گئی، لاہور میں احتجاجی مظاہرہ اور پشاور میں ویلنٹائن ڈے منانے پر پابندی کی قرارداد منظور کر لی گئی۔ قرارداد جماعت اسلامی کے ڈسٹرکٹ ممبر خالد وقاص چمکنی نے پیش کی۔ قرارداد میں کہا ہے مغرب سے متاثرہ مخصوص طبقہ اسلامی اقدار ختم کرنے کیلئے یہ دن مناتا ہے۔ ضلعی حکومت ویلنٹائن ڈے کی تقریبات اور پروگراموں پر پابندی عائد کرے۔ علاوہ ازیں پاکستان کے صوبے خیبر پی کے کے ضلع کوہاٹ میں ناظم نے شہر میں ویلنٹائن ڈے کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی ہے۔ یہ حکم نامہ گزشتہ روز جاری کیا گیا لیکن اب تک پولیس نے اس سلسلے میں کوئی بڑی کارروائی نہیں کی ہے۔ ضلع کوہاٹ میں جمعیت علماءاسلام فضل الرحمان گروپ کے ناظم مولانا نیاز محمد نے یہ حکم نامہ جاری کیا ہے۔ علاوہ ازیں سندھ حکومت نے ویلنٹائن ڈے پر سمندر میں نہانے پر پابندی لگا دی۔ اس حوالے سے نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے مطابق سمندر میں نہانے پر پابندی کا اطلاق 14 فروری کو ہو گا۔ محکمہ داخلہ سندھ نے کمشنر کی سفارش پر پابندی لگائی۔ سیالکوٹ میں ویلنٹائن ڈے کے خلاف تنظیم اسلامی کے کارکنوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا ہے۔ ویلنٹائن ڈے کے خلاف جماعت اسلامی حلقہ خواتین لاہور اور مدر فورم کے زیر اہتمام لالک جان چوک ڈیفنس میں احتجاجی مظاہرہ ہوا جس کی قیادت جماعت اسلامی حلقہ خواتین کی ناظمہ زر افشاں فرحین ، شاہینہ طارق اور مدر فورم کی صدر سمعیہ شبیر نے کی۔ اس موقع پرخواتین زبردست نعرے بازی بھی کرتی رہیں۔ انہوںنے پلے کارڈزاور بینربھی اٹھارکھے تھے جن پر ”سوری ویلنٹائن ڈے،آئی ایم مسلم“ اور ہمارے کلچر کی بنیاد اسلامی اقدار ہیںویلنٹائن ڈے کی ہمارے کلچرمیں کوئی جگہ نہیں“۔ ہماری نوجوان نسل شرم وحیاءسے دور اور بے راہ روی کا شکار ہو رہی ہے، ہم ویلنٹائن ڈے اور مغربی تہذیب کے عکاس تمام تہواروں کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ۔ اور اخبارات اور جرائد میں چھپنے والے غیر اخلاقی اور غیر نظریاتی اشتہارات اور مواد کو مثبت بنانے کے لیے حکومت ایسی تمام سماجی تنظیموں اور اداروں کو پابند بنائے کہ وہ نام نہاد خواتین کے حقوق کی آڑ میں فحش و اخلاق باختہ ایجنڈے کو پورا نہ کریں۔ انہوں نے کہا ہماری نوجوان نسل پر وقت کے ساتھ انٹر نیٹ ، کیبل نیٹ ورک اور دیگر ذرائع سے جو ضربیں لگائی جا رہی ہیں ان کی وجہ سے ہمارے معاشرے میں بڑی تیزی سے خرابیاں پیدا ہو رہی ہیں۔ اسلام آباد سے اے این این کے مطابق ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے وفاقی دارالحکومت میں ویلنٹائن ڈے منانے پر پابندی عائد نہ کرنے کا اعلان کر تے کہا ہے ویلنٹائن ڈے منانے کی آزادی ہے۔ پریس کانفرنس کرتے ڈپٹی کمشنر اسلام آباد انہوں نے کہا شہر اقتدار میں ویلنٹائن ڈے منانے پر کوئی پابندی نہیں ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے افواہوں کی تردید کر دی غیر اخلاقی حرکات ہوئیں تو قانون ضرور حرکت میں آئے گا، منچلوں کو سخت وارننگ دے دی گئی۔ ویلنٹائن ڈے کے موقع پر منچلوں کی جانب سے ہلڑ بازی کی گئی یا شہریوں کو تنگ کیا گیا تو سخت کارروائی کرینگے۔
ویلنٹائن/ پابندی