• news

پرائیویٹ سکول کاروبار کر رہے ہیں، سکیورٹی کا خود بندوبست کرنا ہو گا: خواجہ آصف

میونخ (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے سکیورٹی کانفرنس میں عالمی برادری پر واضح کیا ہے کہ پاکستان کا دہشت گردی کے خاتمہ کا عزم غیرمتزلزل ہے، دہشت گردی اور انتہاپسندی کیخلاف آپریشن ضرب عضب شروع کیا، آپریشن کے مثبت نتائج پاکستانی قوم اور پوری دنیا کے سامنے ہیں، عالمی برادری دہشت گردی کیخلاف پاکستان کی قربانیوں اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے پاکستان کے کردار اور اقدامات کو تسلیم کرتی ہے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے میونخ میں جاری سیکیورٹی کانفرنس کے دوران برطانیہ،ایران اور بیلا روس کے ہم منصبوں اور چینی فارن ریلیشنز کمیٹی کی چیئرمین سمیت مختلف عالمی رہنمائوں سے ملاقات کی جس کے دوران آپریشن ضرب عضب، خطے میں انتہاپسندی اور دہشت گردی کیخلاف اقدامات سمیت دو طرفہ دفاعی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی برادری دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان سے تعاون بڑھائے کیونکہ آپریشن ضرب عضب اور دہشت گردی کیخلاف کارروائیوں کا فائدہ پورے خطہ کو ہو رہا ہے۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا سرکاری سکولوں کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے، پرائیویٹ سکولوں کو اپنی سکیورٹی کا خود بندوبست کرنا پڑیگا۔ پرائیویٹ سکول کاروبار کر رہے ہیں، سکولوں کی حفاظت کرنا ان کا فرض بنتا ہے، جرمن وزیر دفاع سے ملاقات میں دفاعی تعاون پر توجہ مرکوز ہو گی۔ انہوں نے کہا دہشت گردی کیخلاف جنگ میں جو تجربات حاصل ہوئے وہ عالمی دنیا کو بتا رہے ہیں، پاکستان کی دہشت گردی کیخلاف جنگ میں کردار کو ہر سطح پر سراہا گیا ہے۔ آپریشن ضرب عضب اور افغان امن عمل میں کردار ادا کرنے پر پاکستان کا امیج بہتر ہوا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن