• news

بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مستحقین کا وظیفہ800 روپے فی کس سالانہ بڑھا دیا گیا، اسحق ڈار سے پرویز خٹک کی ملاقات

اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ آئی این پی) وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے اعلان کیا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت وظائف حاصل کرنیوالوں کے وظائف میں 800 روپے سالانہ اضافہ کردیا گیا ہے۔ اب وظائف حاصل کرنیوالوں کو 18 ہزار روپے سالانہ کی جگہ 18 ہزار 800 روپے سالانہ دیا جائیگا۔ وزیراعظم نے وظیفہ میں اضافہ کی اجازت دے دی ہے۔ یہ اضافہ یکم جولائی 2015ء سے نافذ العمل ہوگا۔ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے استفادہ کرنے والوں کو اگلی ادائیگی کے ساتھ بقایاجات ادا کر دئیے جائیں گے۔ وزیراعظم نے فنڈز کو 40 ارب سے بڑھا کر 105 ارب کردیا ہے۔ دریں اثناء وفاقی وزیر خزانہ اور وزیراعلیٰ خیبر پی کے پرویز خٹک کے درمیان ملاقات ہوئی جس میں خیبر پی کے کے مالی معاملات سے متعلق مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان بجلی، گیس کی رائلٹی اور اقتصادی راہداری منصوبے سے متعلق تحقطات باضابطہ اجلاس میں اٹھانے پر اتفاق ہوا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ پاکستان کو برادر ملک افغانستان کے ساتھ تعلقات پر بہت فخر ہے۔ وزیر خزانہ پاکستان میں افغانستان کے نئے سفیر حضرت عمر زخیل وال سے بات چیت کر رہے تھے۔ افغان سفیر نے گذشتہ روز وزیر خزانہ سے ملاقات کی۔ وزیر خزانہ اسحٰق ڈار نے افغانستان کے ساتھ پاک افغان معاشی تعاون پر تبادلہ خیال کیا اور پاک افغان تجارت اور معاشی تعاون کو فروغ دینے کیلئے پاکستان کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی تفصیل بتائی۔ اسحاق ڈار نے افغانستان میں پاکستان کی مدد سے شروع کئے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کا بھی حوالہ دیا۔ وزیر خزانہ نے افغان سفیر سے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کی سیاسی قیادت دونوں ملکوں کے تعلقات کو انتہائی بلندی پر لے جانا چاہتی ہے۔ افغان سفیر نے کہا کہ پاک افغان تجارت اور معاشی تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوشش کی جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن