• news

حقیقی تبدیلی کیلئے مسلم لیگ (ن)، پی پی کا گٹھ جوڑ توڑنا ہوگا: مشرف

لاہور+ قصور (خصوصی رپورٹر+ نامہ نگار+ این این آئی) آل پاکستان مسلم لیگ کے سربراہ جنرل (ر) پرویز مشرف نے لیگی دھڑوں کے اتحاد کو ملکی مفاد کیلئے نا گزیر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک میں حقیقی تبدیلی لانے کیلئے مسلم لیگ (ن) اور پیپلز پارٹی کا آپس کا گٹھ جوڑ توڑنا ہوگا، قوم کی بدقسمتی ہے چار، چار بار ناکام رہنے والے آج دوبارہ بر سر اقتدار ہیں، ان سے چھٹکارے کیلئے وہ لیگی دھڑوں اور لوگوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کرنا چاہتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گارڈن ٹائون میں اے پی ایل سنٹرل پنجاب کے زیر اہتمام ورکرز کنونشن سے ٹیلیفونک خطاب کرتے ہوئے انہوں نے پارٹی رہنمائوں اور کارکنوں سے کہا کہ تبدیلی کیلئے لازم ہے کہ ہم لوگ اپنی پارٹی کو منظم کریں۔ کرپٹ لوگوںکو پارٹی کا حصہ نہ بنایا جائے۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں پارٹی کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ ہمارا منشور غربت کا خاتمہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ جمہوری، سیاسی اور حکومتی ایوانوں میں براجمان کرپشن اور کمشن مافیا سے ہے۔ ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فرخ چیمہ نے کہا کہ آل پاکستان مسلم لیگ کو فعال، مضبوط اور منظم بنانے کیلئے ضلع سے لیکر یونین کونسل تک منظم کر کے ہم سیاسی طور پر حکومتی پارٹی کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ پیر صفدر رسول نے کہا کہ ہمیں اپنی صفوں کو مضبوط کرنا ہے اور پرویز مشرف کا پیغام گھر گھر عوام تک پہنچانا ہے۔ فاطمہ ملہی نے کہا کہ ملک کی خواتین کی اکثریت پرویز مشرف حکومت کی دی گئی ملکی ترقی کی گرویدہ ہے اور آنے والے انتخابات میں آل پاکستان مسلم لیگ کو خواتین کی اکثریت ووٹ دے کر کامیاب بنائے گی۔ شاہین ملک نے کہا کہ پرویز مشرف نے میڈیا کو آزادی دی۔ دریں اثناء اے پی ایم قصور کے ضلعی صدر حاجی محمد شریف سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے پرویز مشرف نے کہا کہ قصور کے عوام کی محبت کو کبھی فراموش نہیں کر سکتا۔ اس وقت جو جھوٹے مقدمات مجھ پر درج ہیں ان سے جلدی چھٹکارا پا کر عوام میں دوبارہ نظر آؤں گا اور ہماری پارٹی پاکستان کی مقبول ترین پارٹی ہو گی۔ اللہ تعالیٰ نے موقع دیا تو خاص کر قصور کے لوگوں کو میڈیکل کالج، کیڈٹ کالج اور 400 بستروں کے ہسپتال کے علاوہ دیہاتوں میں گیس پہنچاؤنگا، اسکے علاوہ کسانوں سے 6 ماہ تک بل نہیں لیا جائیگا۔

ای پیپر-دی نیشن