• news

مقبوضہ کشمیر:16 گھنٹے کی جھڑپ،5 مجاہد شہید،2 بھارتی فوجی ہلاک، افسر سمیت4 زخمی

سرینگر (کے ایم ایس+ اے پی پی) مقبوضہ کشمیر کے ضلع کپواڑہ میں 16گھنٹے کی جھڑپ میں 5مجاہد شہید اور 2بھارتی فوجی ہلاک ہوگئے، چار کشمیری نوجوان شہید کر دیئے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق فوجیوں نے ان نوجوانوں کو ضلع کے سرحدی علاقے چوکی بل میں مارسری کے مقام پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی کے دوران شہیدکیا۔ فوجیوں نے علاقے میں ایک رہائشی مکان بھی تباہ کیا۔ قبل ازیں اسی علاقے میں ایک حملے میں دو بھارتی فوجی ہلاک جبکہ ایک افسر سمیت چاردیگر زخمی ہو گئے تھے۔ کل جماعتی حریت کانفرنس (گ) کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیری دانشور اور دہلی یونیورسٹی کے سابق لیکچرار پروفیسر سید عبدالرحمان گیلانی اور جواہر لال نہرویونیورسٹی کی سٹوڈنٹس یونین کے صدر کنہیا کمار کے خلاف بغاوت کامقدمے دائر کئے جانے کے بھارتی حکومت کے اقدام کی گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔ علی گیلانی نے ایک بیان میں کہا کہ بھارت حکومت کا یہ اقدام اسکے جمہوری دعوئوں اور اظہار رائے کی آزادی کے حق کے قطعی خلاف ہے جسکا کوئی آئینی اور قانونی جواز نہیں ہے۔ سید علی گیلانی نے کہا کہ جواہر لال نہرو یونیورسٹی کے طلباء نے محکوم کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ایک پرامن مظاہرہ کیا تھا جو کوئی جرم نہیں ہے۔ سری نگر شہر میں ایک مرتبہ پھرمشتعل نوجوانوںاور فورسز کے مابین جھڑپوں کے دوران خشت باری، شیلنگ اور مرچی گیس سے افراتفری پھیل گئی اور بعد میں کئی علاقوں میں پولیس اور سی آر پی ایف کی بھاری تعیناتی عمل میں لائی گئی۔ جامع مسجد، نوہٹہ، گوجوارہ اور اس کے گردونواح میں ایک مرتبہ پھر ہاتھوں میں پوسٹر اور جھنڈے لئے سینکڑوں نوجوان نمودار ہوئے اور اسلام اور آزادی کے حق میں نعرے لگاتے ہوئے احتجاجی جلوس نکالنے کی کوششیں کیں۔

ای پیپر-دی نیشن