• news

ویلنٹائن ڈے اسلام اور پاکستا ن نہیں، مغربی ثقافت کا حصہ ہے: صدر

اسلام آباد (نیٹ نیوز+ رائٹر+ اے ایف پی) صدر ممنون حسین نے ویلنٹائن ڈے کو اسلام اور پاکستانی ثقافت کے خلاف قرار دیتے ہوئے اسے نہ منانے کی اپیل کی ہے۔ اسلام آباد میں طلبا سے خطاب کرتے ہوئے صدرِ نے کہاکہ ویلنٹائن ڈے مغرب کی ثقافت کا حصہ ہے، اسلام اور پاکستانی ثقافت میں اسے منانے کی کوئی گنجائش نہیں۔ انہوں نے طلبا سے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ پڑھائی پر مرکوز رکھیں۔ ویلنٹائن ڈے منانے سے گریز کیا جائے۔ اس سے قبل اسلام آباد انتظامیہ کی جانب سے ویلنٹائن ڈے منانے پر پابندی لگائے جانے کی اطلاعات سامنے آئی تھیں۔ ملک کے دیگر حصوں میں بھی ویلنٹائن ڈے کیخلاف انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ خیبر پی کے کے ضلع کوہاٹ میں مقامی انتظامیہ نے ویلٹائن ڈے کے کارڈز اور اس دن سے منسوب تمام اشیا کی فروخت پر پابندی لگا دی ہے۔ ضلعی ناظم کوہاٹ مولانا نیاز محمد نے بی بی سی کو بتایا کہ ویلنٹائن ڈے کی کوئی قانونی حیثیت نہیں۔ یہ غیر شرعی ہے اسلئے اس پر پابندی عائد کی گئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس موقع پر لوگوں کو پھول اور کارڈ دینا مناسب نہیں۔ پشاور کی مقامی حکومت نے ویلنٹائن ڈے کیخلاف قرارداد منظور کی ہے جس میں اسے ’فضول دن‘ قرار دیکر اس پر پابندی لگانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ یہ قرارداد متفقہ طور پر منظور کی گئی۔ ایسی اطلاعات ہیں کہ انتظامیہ سے کہا گیا ہے کہ اس قرارداد پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جائے۔

ای پیپر-دی نیشن